dooran news

میونسپل علاقوں میں پراپرٹی ٹیکس عائد کرنے کامعاملہ

جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کواعتراض ، حکومتی فیصلے کیخلاف ہفتہ کو جموں بند :صدر ارون گپتا

جموں//جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے جمعرات کو جموں و کشمیر کے میونسپل علاقوں میں پراپرٹی ٹیکس لگانے کے حکومت کے فیصلے کیخلاف ہفتہ کو جموں بند کی کال دی ہے۔جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ارون گپتا نے جموںمیں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ،جموں وکشمیر میں سماج کے تمام طبقات کی شدید مخالفت کے باوجود اس معاملے پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے اور اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت عام لوگوں کے جذبات پر دھیان نہیں دے رہی ہے۔ ارون گپتانے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس متعلقین کو شامل کئے بغیراوراعتماد میں لئے بغیرہی لگایا جا رہا ہے۔جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرنے کہاکہ یہ اس رویے کی عکاسی کرتا ہے کہ انتظامیہ عوام پر کچھ بھی مسلط کر سکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جموںچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ہمیشہ ایسی باتوں کی مخالفت کی ہے۔ارون گپتا کاکہناتھاکہ جموں کے لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ ہم پراپرٹی ٹیکس پر خاموش کیوں ہیں۔ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ انتظامیہ بیدار ہو گی اور نمائندوں سے مشاورت کرے گی، لیکن ایسا لگتا ہے کہ حکومت کو کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے اعلان کیاکہ یہ (پراپرٹی ٹیکس) میونسپل اداروں کا استحقاق ہے لیکن جس طرح سے یہ ہم پر عائد کیا گیا ہے وہ قابل قبول نہیں ہے۔ ارون گپتانے مزید کہاکہ میں نے پراپرٹی ٹیکس کی مخالفت میں ہفتہ کو مکمل بند کی اپیل کی ہے۔ ہفتہ کوجموں میں تمام بازار بند رہیں گی۔یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ بند کی کال کو تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی حمایت حاصل ہے، ارون گپتا نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس ایک منتخب حکومت اور شہری بلدیاتی اداروں کو لگانا چاہیے تھا۔انہوں نے کہاکہ جموں میونسپل کارپوریشن کے میئر راجندر شرما پر جموں میں پراپرٹی ٹیکس نہ ہونے کے دعوے پر بھی تنقید کی اور عوام سے کہا کہ وہ یو ایل بی میں اپنے منتخب نمائندے سے سوال کریں۔شرما نے دسمبر میں اعلان کیا تھا کہ جموں میں کوئی پراپرٹی ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ بی جے پی نے اسی دن اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ’’جموں میں کوئی پراپرٹی ٹیکس نہیں‘‘ کی توثیق کی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ حکومت نے21 فروری کو جموں و کشمیرکے شہری مقامی اداروں (ULBs) میں پراپرٹی ٹیکس نافذ کرنے کا اعلان کیا، اس طرح اس معاملے پر تقریباً ایک سال سے جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا۔ یکم اپریل2023 سے پراپرٹی ٹیکس، رہائشی املاک پر5 فیصد اور غیر رہائشی املاک پر 6 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔