shab-e-Barat

شب برات:وادی بھرمیں رُوح پرور اجتماعات

تاریخی آثار شریف درگاہ حضرتبل میں فرزندان توحید کاجم غفیر،خصوصی دعائیں

سری نگر//جموں وکشمیرمیں شب برات کے موقعہ پر مساجد،خانقاہوں ،زیارتگاہوں اور آستانوںمیں شب خوانی کی رُوح پرورمجالس منعقد ہوئی ،اور سب سے بڑی تقریب تاریخی آثار شریف درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی ،جہاں سری نگرکے علاوہ دیگرعلاقوںسے آئے ہزاروں فرزندان توحید اور باپردہ مسلم خواتین نے رات بھر عبادت گزاری ،قرآن خوانی اوربارگاہ الٰہی میں اپنی اوراپنوںکی بھلائی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔مرکزی جامع مسجد سری نگرمیں شب خوانی کی مجلس منعقد نہیں ہوسکی ،کیونکہ اس تاریخی مسجد کومقفل کردیاگیاتھا۔سری نگر پولیس نے اس حوالے سے واضح کیاکہ شب برات کے موقع پر جامع مسجدسری نگر میں نمازادا نہ ہونے سے انتظامیہ اور پولیس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔جے کے این ایس کے مطابق مقدس رات ’شب برات ‘کے موقعہ پر وادی بھر کی مساجد ،زیارتگاہوں،آستانوں اورخانقاہوں میں روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے ،جن میں لاکھوں فرزندان توحید بشمول خواتین نے شرکت کرکے رات بھر اللہ کی بارگاہ میں عاجزی وانکساری کیساتھ ا پنے گناہوں وخطائوںکی معافی مانگی اور درازی عمرورزق میں برکت کی دعائیں بھی مانگیں۔اس دوران گھروںمیں خواتین اور بچوںنے بھی نماز عشاء کے بعد شب کااہتمام کیا ،اوراس دوران قرآن خوانی کی گئی ۔ شب برات کے موقع پر تاریخی جامع مسجد سری نگر میں عشاء کی نماز رات10 بجے اور درگاہ حضرت بل میں رات ساڑھے10 بجے ادا کی جانی تھی لیکن مرکزی جامع مسجد سری نگرمیں شب خوانی کی مجلس منعقد نہیں ہوسکی ،کیونکہ اس تاریخی مسجد کومقفل کردیاگیاتھا۔اس حوالے سے سری نگرپولیس نے منگل کوہی رات دیرگئے یہ واضح کیاکہ شب برات کے موقع پر آج جامع مسجدسری نگر میں نماز ادا نہ ہونے سے انتظامیہ اور پولیس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔بیان میں کہاگیاکہ نہ تو اجازت نہ دینے کا کوئی حکم دیا گیا اور نہ ہی انتظامیہ یاپولیس کی طرف سے اس پر عمل کیا گیا۔سری نگرپولیس نے لوگوں سے اپیل کی کہ برائے مہربانی افواہیں نہ پھیلائیں۔اُدھر سب سے بڑی تقریب تاریخی آثار شریف درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی ،جہاں رات کے ساڑھے10بجے نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد سری نگرکے علاوہ دیگرعلاقوںسے آئے ہزاروں فرزندان توحید اور باپردہ مسلم خواتین نے رات بھر عبادت گزاری ،قرآن خوانی اوربارگاہ الٰہی میں اپنی اوراپنوںکی بھلائی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ آثار شریف درگاہ حضرت بل کے انتظامی ارکان نے کہا کہ رات بھر کی عبادت کیلئے عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد درگاہ حضرتبل میں موجودتھی۔ انہوںنے کہاکہ نماز عشاء رات کے ساڑھے دس اداکرنے کے بعددرگاہ حضرتبل میں خصوصی عبادات ،درودواذکار کی مجالس اور خصوصی دعائوںکااہتمام بھی کیاگیا۔اس دوران سری نگرسمیت وادی کے مختلف علاقوں میں واقع آستانوں ،خانقاہوں اور زیارت گاہوں بشمول کئی مساجدمیں بھی شب برات کے سلسلے میں شب خوانی کی مجالس کااہتمام کیاگیا ۔اس دوران فرزندان توحیدنے نماز عشاء باجماعت اداکرنے کے بعدپوری رات قران خوانی ،نوافل کی ادائیگی ،اور عاجزی وانکساری کے ساتھ دعائوںمیں گزاری ۔