بارہمولہ//سیکرٹری ثقافت ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے ’ بیک ٹو وِلیج مرحلہ چہارم ‘ کے فالو اَپ پروگرام کے ایک حصے کے طورپر پرابھاری آفیسر کی حیثیت سے آج پنچایت حلقہ کانس پورہ بارہمولہ کا دورہ کیا۔فالو اَپ پروگرام کے دوران عوام کا زبردست ردِّعمل دیکھا گیا۔سیکرٹری موصوف نے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو پیرزادہ ممتاز احمد کے ہمراہ لائن ڈیپارٹمنٹوں کے اَفسران کے ساتھ گرام پنچایت کا اِنعقادکیا اور متعدد ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا۔سیکرٹری ثقافت نے اَپنے دورے کے دوران پنچایت حلقہ کانس پورہ میں ’’ بیک ٹو وِلیج مرحلہ چہارم ‘ ‘ فالو اَپ کا جائزہ لینے کے لئے لائن ڈیپارٹمنٹوں کے اَفسران ، پی آر آئی ممبران اور عام لوگوں کی میٹنگ طلب کی۔پرابھاری آفیسر نے اَفسران کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی اور بیک ٹو وِلیج مرحلہ کے دوران گرام سبھا میں پیش کردہ شکایات کے جلد اَز جلد اَزالے کے لئے اُٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔لائن ڈیپارٹمنٹوں نے اُنہیں پنچایت میں جاری ترقیاتی کاموں سے آگاہ کیا۔اُنہوں نے اَفسران سے کہاکہ وہ گائوں کی ترقی کے لئے قریبی تال میل سے کام کریں ۔ اُنہوں نے اُنہیں پنچایت میں خود روزگار سکیموں کے حوالے سے بیداری کیمپ منعقد کرنے کی ہدایت دی تاکہ زیادہ سے زیادہ بے روزگار نوجوان ان پروگراموں سے فائدہ اُٹھاسکیں۔ اُنہوں نے مقامی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود روز گار سکیموں سے استفادہ حاصل کریں۔










