وزیر اعظم نے وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا

سرینگر//وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ وندے بھارت ایکسپریس، نئے بھارت کی صلاحیت کی علامت ہے۔انہوںنے کہا کہ اب تک سات وندے ماتم ٹرینوں کو شروع کیا جاچکا ہے اور اس کی تیاری میں مکمل طور پر میک ان انڈیا کا ہاتھ ہے اور اس کا ڈیزائن بھی ملک میں ہی تیار کیا گیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ وندے بھارت ایکسپریس نیو انڈیا کی صلاحیت کی ایک علامت ہے جو تیزی کے ساتھ تبدیلی کے راستے پر آگے بڑھ رہاہے۔ پی ایم مودی نے وشاکھا پٹنم کے ساتھ سکندرآباد کو جوڑنے والی وندے بھارت ایکسپریسریل گاڑی کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جھنڈی دکھاکر روانہ کرتے ہوئے یہ بات کہی۔وزیراعظم نے کہا کہ اس سے رہن سہن میں سہولت ہوگی، سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا اور معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس وندے بھارت ایکسپریس سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے ثقافتی اعتبار سے متنوع خطوں کو جوڑا جاسکے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ چند برسوں میں سات وندے بھارت ریل گاڑیوں نے 30 لاکھ کلومیٹر کا سفرطے کرکے 40 لاکھ مسافروں کو ایک مقام سے دوسرے مقام پر پہنچایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کا ڈیزائن بھارت میں بنایا گیا ہے اور ملک میں ہی اسے تیار کیا گیا ہے۔ نریندر مودی نے کہا وندے بھارت ایکسپریس ’’دیش کی ٹرین‘‘ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ بھارت ہر شعبے میں بہترین کارکردگی چاہتا ہے۔ مودی نے کہا کہ رابطے قائم کرنے کا براہ راست تعلق ترقی سے ہوتا ہے، کیونکہ یہ نہ صرف بنیادیڈھانچے کو جوڑتا ہے بلکہ خوابوں کو حقیقت کے ساتھ بھی منسلک کرتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ آج بھارتی ریلویز سے سفر کرنا ایک خوشگوار احساس بنتا جارہا ہے اور ریلوے اسٹیشنوںکے ذریعے نئے بھارت کی تصویر ابھر کر سامنے آرہی ہے۔