بارہمولہ//کشمیروادی میں آئے دنوں رونما ہونے والی آگ کی وارداتوں کے بیچ ضلع بارہمولہ کے نمبلن ناروائو علاقے میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک 2منزلہ رہائشی مکان معہ گھریلو سامان کے خاکستر ہوگیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق بدھ کورات کے تقریباًساڑھے11بجے نمبلن ناروائو بارہمولہ میںعبدالرحیم میر کے دومنزلہ رہائشی مکان میں آگ نمودار ہوگئی ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ مذکورہ شہری کے مکان میں آگ لگنے کی خبرپھیلتے ہی مقامی آبادی وہاں پہنچی اورانہوںنے مکینوںکوباہر نکالا،۔مقامی لوگوںنے آگ پرقابو پانے کی کوشش شروع کی جبکہ اس دوران فائراینڈ ایمرجنسی سروسزبارہمولہ کوبھی مطلع کیاگیا۔انہوںنے کہاکہ بارہمولہ سے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسزکے عملہ کے یہاں آگ بجھانے والی گاڑی لیکر پہنچ جانے تک دومنزلہ مکان پوری طرح سے شعلوںکی لپیٹ میں آچکاتھا۔انہوںنے کہاکہ دومنزلہ رہائشی مکان آگ کی اس واردات میں مکمل طورپر خاکستر ہوگیاجبکہ مکان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کاگھریلو سامان اوردیگر چیزیں راکھ کے ڈھیرمیں تبدیل ہوگئیں۔مقامی لوگوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ سے متاثرہ کنبے کی فوری مددکی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ تقریباً30دیہات پر محیط علاقہ ناروائو بارہمولہ میں فوری طورپرایک فائراسٹیشن کاقیام عمل میں لایاجائے ۔










