جموں میں 12 نشستوںکو ریزرئو کئے جانے کا امکان،کشمیر میں صرف4 اسمبلی حلقے ہو سکتے ہیںمخصوص
سری نگر//جموں خطہ کے مجوزہ43 اسمبلی حلقوں میں سے 12 حلقوں کودرج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کیلئے مخصوص کئے جانے کا امکان ہے، جس سے خطے میں صرف 31 کھلی نشستیں رہ جائیں گی، جب کہ کشمیر کیلئے تجویز کردہ47اسمبلی حلقوں میں سے صرف4 نشستیں ریزرو ہو سکتی ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق ایک میڈیارپورٹ میں ذرائع کاحوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیاگیاہے کہ چونکہ کشمیر ڈویڑن میں درج فہرست ذاتوں کی کوئی آبادی نہیں ہے، اس لیے درج فہرست ذاتوںکے لیے مخصوص تمام7 نشستیں جموں کے علاقے میں آئیںگی۔ کشمیر کے مقابلے جموں میں درج فہرست قبائل کی آبادی بھی قدرے زیادہ ہے اور چونکہ حد بندی کمیشن نے حلقہ بندیوں کے ریزرویشن کے معیار کے طور پر آبادی کو مقرر کیا ہے، اس لیے جموں میں5 اور کشمیر ڈویڑن میں4 نشستیں درج فہرست قبائل کیلئے ریزرو ہونے کا امکان ہے۔20دسمبر کو اپنی میٹنگ میں، حد بندی کمیشن نے ایسوسی ایٹ ممبروں کو بتایا کہ حلقوں کی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس سی اور ایس ٹی دونوں کیلئے سیٹیں محفوظ کی جائیں گی۔ تاہم، گزشتہ اسمبلی میں درجہ فہرست ذاتوں کے لیے جو طبقات محفوظ کیے گئے تھے، وہ دوبارہ ریزرو ہو جائیں گے۔حد بندی کمیشن نے ابھی اسمبلی حلقوں کا اعلان نہیں کیا ہے جو جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ایس سی اور ایس ٹی کیلئے مخصوص ہوں گے۔ امکان ہے کہ پینل رپورٹ کے مسودے میں باضابطہ اعلان کرے گا۔پچھلی اسمبلی میں، درج فہرست ذاتوں کے لیے 7 سیٹیں مخصوص تھیں جن میں جموں ضلع میں چھمب، ڈومانہ اور آر ایس پورہ، ضلع کٹھوعہ میں ہیرا نگر، ضلع ادھم پور میں چنانی، سانبہ اور رام بن شامل ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ تمام نشستیں غیر محفوظ ہونے کا امکان ہے۔جہاں تک درج فہرست قبائل کے لئے نو نشستوں کا تعلق ہے، ان کی آبادی جموں ڈویڑن میں تقریباً 60 فیصد اور وادی کشمیر میں40 فیصد ہے۔جموں خطہ میں، ایس ٹی آبادی کی اکثریت جڑواں سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری تک محدود ہے جو اس حقیقت سے ظاہر ہے کہ2014 کے اسمبلی انتخابات میں، جو جموں و کشمیر میں اب تک آخری بار ہوئے تھے، 7 میں سے 5 ایم ایل اے ایس ٹی تھے۔ جن میں جاوید رانا (مینڈھر)، چوہدری اکرم (سورانکوٹ)، چوہدری ذوالفقار (درہال)، چوہدری قمر (راجوری) اور عبدالغنی کوہلی (کالاکوٹ) شامل ہیں۔ ان میں سے2 قمر اور ذوالفقار اس وقت پی ڈی پی سے تعلق رکھتے تھے جبکہ جاوید رانا، عبدالغنی کوہلی اور چودھری اکرم بالترتیب این سی، بی جے پی اور کانگریس سے وابستہ تھے۔تاہم، جموں ڈویڑن میں بہت سے دوسرے طبقات بھی ہیں جہاں درج فہرست قبائل کی کافی آبادی ہے۔جب کہ جموں میںدرج فہرست ذاتوں کی 7سیٹیں اور درج فہرست قبائل کی5 سیٹوں کا ریزرویشن یقینی ہے۔ اگر آبادی کو ریزرویشن کے واحد معیار کے طور پر لیا جائے تو جموں ڈویڑن میں کل 12 اسمبلی حلقے ریزرو ہوں گے،اوریوں اس خطے میں صرف 31اسمبلی نشستیں کھلی ہوں گی۔کشمیر میں، تاہم، 43 کھلی نشستیں ہوں گی اگر4درج فہرست ذاتوں کیلئے مختص کی جائیں گی۔وادی میں کنگن، پہلگام، کوکرناگ اور بانڈی پورہ اسمبلی حلقوں میںدرج فہرست قبائل کی کافی آبادی ہے۔ایسی اطلاعات تھیں کہ مرکزی حکومت وادی میں کشمیری پنڈتوں کے لیے2نشستیں ریزرو کرنے پر غور کر رہی ہے لیکن ابھی تک اس پر کوئی سرکاری بات سامنے نہیں آئی ہے۔قانون ساز اسمبلی میں اب تک کل 16 سیٹیں ریزرو کی گئی ہیں – 9 درج فہرست قبائل کے لیے اور 7 درج فہرست ذاتوں کے لیے جبکہ74 کھلی سیٹیں چھوڑ کر۔ 90 سے زائد اور اس سے اوپر، خواتین کے لیے2نشستیں مخصوص ہوں گی، جو کہ پچھلی اسمبلی میں بھی تھی۔حد بندی کمیشن نے31 دسمبر تک جموں میں6 اور کشمیر میں ایک اسمبلی کی نشستوں کو بڑھانے کے لیے ایسوسی ایٹ ممبران سے اپنی تجاویز پر تجاویز طلب کی ہیں۔










