Lieutenant Governor Manoj Sinha chairing a preliminary meeting with the Chairman and MD of Olectra Greentech Ltd.

ٹرانسپورٹ سیکٹر میں جلد ہی 200-150 ای بسیں متعارف کرائی جائیں گی

حکومت کا مقصد جیو اشم ایندھن پر انحصار کم کرنا ، ہرے بھرے پائیدار نقل و حرکت کے حل کو فروغ دینا ہے :ایل جی

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اولیکٹرا گرین ٹیک لمٹیڈ کے چیئر مین اور ایم ڈی ایس کے وی پردیپ کے ساتھ ایک ابتدائی میٹنگ کی صدارت کی اور اس میں جموں و کشمیر یو ٹی میں کلینر ، بہتر انٹر سٹی اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ سہولیات کیلئے الیکٹرک بسوں کو متعارف کرانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ میٹنگ کے دوران لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیاں ٹرانسپورٹ کا مستقبل ہیں کیونکہ وہ ماحول دوست ، شہری ماحول کیلئے مثالی ہیں اور آلودگی کی سطح کو کم کرنے میں اپنا حصہ ڈالتی ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ حکومت کا مقصد جیواشم ایندھن پر انحصار کم کرنا ، ہرے بھرے پائیدار نقل و حرکت کے حل کو فروغ دینا ہے ۔ الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی اولیکٹرا گرین ٹیک لمٹیڈ نے پاور پوائینٹ پرذنٹیشن دی اور لفٹینٹ گورنر کو اس کمپنی کے بارے میں بتایا جس نے اب تک ہندوستان بھر میں تقریباً 600 الیکٹرک بسیں تعینات کی ہیں اور اس کے پاس مینوفیکچرنگ کے عمل کے تحت 2500 بسیں ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے چیئر مین سے کہا کہ وہ آزمائشی بنیادوں پر سرینگر اور جموں کیلئے دو الیکٹرک بسیں بھیجیں آزمائش کے بعد ہی حکومت انٹر سٹی اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ سہولیات کیلئے مستقبل کے لایحہ عمل کا فیصلہ کرے گی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ حکومت جموں اور سرینگر کو جدید ، پائیدار اور اقتصادی طور پر متحرک شہروں میں تبدیل کرنے اور جموں اور سرینگر کو ملک کے اعلیٰ ترین سمارٹ شہروں میں تبدیل کرنے کیلئے تمام امکانات کو تلاش کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 200-150 مزید ای۔بسوں کا اضافہ عوام کیلئے محفوظ ، سرسبز اور قابل بھروسہ نقل و حمل کی سہولت فراہم کرے گا ۔ میٹنگ میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری خزانہ اتل ڈولو ، پرنسپل سیکرٹری ایچ اینڈ یو ڈی ڈی ایس دھیرج کمار اور کمشنر سیکرٹری ٹرانسپورٹ ہردیش کمار بھی موجود تھے ۔