fire on fatehgarh baramulla

بارہمولہ میں آگ سے5دکانیں خاکستر، لاکھوں روپے کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل

سرینگر//فتح گڑھ بارہمولہ میں آگ کی ایک بھیانک واردات میں5دکانیں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔ کے این ایس کے مطابق گزشتہ رات 11بجے فتح گڑھ بازار میں ایک دکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ نزدیک ہی چند درخت بھی اس کی زد میں آگئے۔ آگ لگنے سے افراتفری مچ گئی اورآگ بجھانے کی کارروائی مقامی لوگوںنے شروع کی۔ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ فوج کی خدمات حاصل کی گئیں۔ فوجی ترجمان کاکہنا ہے کہ گائوں مقامی رضاکاروں نے آگ بجھانے کی کوششیں کیں تاہم ان کی کوششیں بارآور ثابت نہیں ہوئیں جس کے بعد فوج سے مدد طلب کی گئی۔ ترجمان نے کہاکہ فوج کی دو ٹیموں میں کوئیک ری ایکشن ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور آگ کو دیگر دکانوں، مکانوں اور درختوں تک نہیں پہنچنے دیا۔ فائر اینڈ ایمرجسی محکمہ کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقہ نزدیکی سٹیشن سے ایک کلومیٹر دور ہے تاہم جائے حادثہ پر پہنچنے میں کچھ وقت لگ گیا۔ آگ لگنے کے نتیجہ میں 5دکانیں خاکستر ہوگئیں جن میں لکڑی کا کام کرنے کی دکانیں بھی شامل ہیں۔