Lt Governor with Director Sainik Welfare Department

ڈائریکٹر سینک ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات

جموں//ڈائریکٹر سینک ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ( جے اینڈ کے )بریگیڈیئر گرمیت سنگھ شان نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔ڈائریکٹر نے لیفٹیننٹ گورنر کو 7؍ دسمبر کی آرمڈ فورسز فلیگ ڈے منانے کی تیاریوں،سابق فوجیوںاور ویر ناریوں کی فلاح و بہبود سے متعلق محکمہ کی مختلف سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی۔ اُنہوں نے سری نگر اور جموں میں 100بستروں والے بچوں کے ہوسٹل کے قیام اور سابق فوجیوں کو جموں وکشمیر میں سرکاری ملازمتوں میں بھرتی کے لئے عمر اور فزیکل فٹنس کے ٹیسٹ میں نرمی فراہم کرنے کی خاطر پالیسی کو جاری کرنے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا۔ بریگیڈیئر گرمیت سنگھ شان نے لیفٹیننٹ گورنر کو سرحدی علاقوں اور دُور دراز علاقوں میں سابق فوجیوں تک پہنچنے کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا جس میںبانڈی پورہ او راکھنور میں ایڈہاک دفاتر قائم کئے گئے ہیں ، دوسرے دُور دراز علاقوں میں نئے دفاتر قائم کرنے کی تجویز،ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال ، تمام 13 زیڈ ایس ڈبلیو اوز پر ڈیجیٹل لائف سر ٹیفکیٹ تیار کرنا، اِی۔ آفس کو اَپنانا، محکمہ کی ویب سائٹ کا اجرأ اور اِس کے علاوہ سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد اِقدامات بھی شامل ہیں۔اُنہوں نے آرمڈ فورسز فلیگ ڈے فنڈ میں حصہ لینے کی اہمیت کے بارے میں شہریوں کو آگاہ کرنے کے لئے چلائی جانے والی مہم کے بارے میں بھی آگاہ کیا،جسے فلاحی سرگرمیوں کے لئے اِستعمال کیا جاتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سینک ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سابق فوجیوں او رویر ناریوں کے لئے کئے گئے نمایاں کام کی سراہنا کی۔ اُنہوں نے ڈائریکٹر پر زور دیا کہ وہ سابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کی خاطر اَپنی کوششیں جاری رکھیں۔