جے کے انتظامیہ نوجوانوں کی توانائی کو مثبت سمت میں منتقل کرنے کیلئے پر عزم:ارون مہتا
جموں //ضلع انتظامیہ جموں نے بی ایس ایف گراؤنڈ پلوڑہ میں C-DYTE بارڈر یوتھ فیسٹیول 2021 کا انعقاد کیا ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا مہمانِ خصوصی تھے ۔ ڈویژنل کمشنر راگھو لانگر ، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ ، آئی جی بی ایس ایف ڈی کے بورا ، ڈی آئی جی بی ایس ایف سدھیر کمار سنگھ ، ڈپٹی کمشنر انشل گرگ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے سینئر ضلعی افسران بھی تقریب کے دوران موجود تھے ۔ اس کے علاوہ C-DYTE ایتھلیٹک میٹ ، جاب فئیر اور پلیسمنٹ ڈرائیو ، سرکاری اسکیموں کیلئے آگاہی کیمپ اور روز گار سے خود روز گار اسکیم کے تحت 10 مستحقین میں منظوری /فائدے کی تقسیم بھی اس تقریب کا حصہ تھے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ دُنیا میں نوجوانوں کی سب سے زیادہ تعداد رکھنے والی قوم ہر شعبے میں عالمی رہنما بن سکتی ہے کیونکہ نوجوان اپنے نئے اور اختراعی خیالات کے ساتھ تبدیلی کا محرک ثابت ہو سکتے ہیں ۔چیف سیکرٹری نے نوجوان نسل کو کھیلوں اور غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی اور مقامی ٹیلنٹ کو اعلیٰ سطح پر فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں اور مہارتوں کو ظاہر کرنے کیلئے بڑے پلیٹ فارم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی انتظامیہ نوجوانوں کی توانائی کو مثبت سمت میں منتقل کرنے اور نوجوانوں کیلئے چاہے وہ کھیل ہو ، پڑھائی ، خود روزگار ، کاروبار وغیرہ مواقع پیدا کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔ انہوں نے ضلع جموں کے دیہی علاقوں کے نوجوان اور ابھرتے ہوئے ہنر مندوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کیلئے بارڈر یوتھ فیسٹیول کے انعقاد کیلئے ضلع انتظامیہ جموں اور دیگر متعلقہ محکموں کی کوششوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے محکمانہ نمائشوں اور جاب فئیر کے سٹالز کا بھی معائینہ کیا ۔ قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب کے دوران ڈپٹی کمشنر جموں نے چیف سیکرٹری کو بتایا کہ سینٹر فار ڈسٹرکٹ یوتھ ٹریننگ اینڈ امپاورمنٹ C-DYTE جموں ، نوجوان ذہنوں کو ان کے دروازے پر تربیت فراہم کر کے انہیں بااختیار بنانے کیلئے ضلع انتظامیہ جموں کی اپنی ایک پہل ہے ۔










