سری نگر//جموںوکشمیر سیاحت محکمہ نے اِن دنوں پونے میں منعقد ہونے والے اِنڈیا اِنٹرنیشنل ٹریول مارٹ ( آئی آئی ٹی ایم ) کے موقعہ پر شہر کے ٹور اور ٹریول آپریٹروں کے ساتھ ایک اِستفساری تبادلہ خیال میٹنگ کا اہتمام کیا جس میں بڑی تعداد میں پونے کے ممتاز ٹور آپریٹروں نے شرکت کی۔اِس تقریب کا مقصد جموںوکشمیر یوٹی کے سیاحتی مقامات کی نمائش کرنا اور سیاحوں کو جموںوکشمیر کا دورہ کرنے کی دعوت دینا تھا۔اِستفساری تبادلہ خیال میٹنگ میں ناظم سیاحت جموں وویکا نند رائے ،ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو اور ایڈیشنل سیکرٹری سیاحت وسیم نے شرکت کی۔وویکا نند رائے اور ڈاکٹر جی این ایتو نے سفری برداری کے اَرکان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے گذشتہ چند مہینوں میں محکمہ سیاحت کی طرف سے شروع کی گئی سرگرمیوں کی تفصیلات دیں۔ اُنہوں نے پونے کے ٹریول آپریٹروں کو اُن 75پُر کشش لیکن کم معروف مقامات کے بارے میں مطلع کیا جنہیں محکمہ بڑے پیمانے پر فروغ دینے اور پونے میں مقیم چھٹیاں منانے والوں کو جموںوکشمیر یوٹی کا دورہ کرنے کی ترغیب دینے کا منصوبہ بنا رہا ہے ۔ اُنہوں نے انہیں محکمہ کی جانب سے سیاحتی شعبے کی بحالی کے لئے اُٹھائے گئے کئی دیگر اقدامات کے بارے میں بھی بتایا جس کے نتیجے میں گذشتہ مہینوں کے دوران ملکی سیاحوں کی آمد میں اِضافہ ہوا ہے۔اِس موقعہ پر وسیم راجہ نے جموں وکشمیر کے آف بیٹ مقامات کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔دَکن کالج پونے میں شعبہ کی جانب سے ایک ڈرائنگ مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں شہر کے مختلف کالجوں کے طلاب نے حصہ لیا۔اِس کے علاوہ آئی آئی ٹی ایم میں جموںوکشمیر کے سٹال پر مقامی لوگوں اور ٹریکول ایجنٹوں کا بہت زیادہ رَش دیکھنے میں آیا اور جموںوکشمیر کے ٹریول ایجنٹوں کے ردِّ عمل سے خوش ہوئے۔یہ رَسائی اِس برس محکمہ طرف سے ملک بھر کے کئی بڑے شہروں اور بازاروں میں شروع کی گئی وسیع تر تشہیری مہم کا حصہ تھی جس کے حوصلہ اَفزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔محکمہ کو کل شام آئی آئی ٹی ایم کی ایوارڈ تقریب میں ’’ بیسٹ ڈومیسٹک ٹوراِزم پرموشن ایوارڈ ‘‘ سے نوازا گیا۔










