ڈوڈہ//لفٹینٹ گورنر کے مشیر آر آر بٹھناگر نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ کا دورہ کیا تا کہ انسٹی ٹیوٹ میں مختلف یوٹیلٹیز پر چلائے جا رہے تعمیراتی کاموں کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ پرنسپل سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) شلیندر کمار مشیر موصوف کے ہمراہ تھے ۔ مشیر نے جی ایم سی میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائیزہ لیا جس میں دیگر اہم سہولیات کے علاوہ انتظامی بلاک ، بوائیز اینڈ گرلز ہوسٹلاور رہائشی بلاکس کی تعمیر شامل ہے ۔ مشیر نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ ہوسٹل کی عمارت پر پیش رفت کی رفتار کو تیز کیا جائے تا کہ اسے جلد از جلد مکمل کیا جا سکے ۔ ہوسٹل کی عمارت پر تعمیراتی کاموں کا معائینہ کرتے ہوئے مشیر نے متعلقہ افراد سے کہا کہ وہ ہوسٹل کے اندرونی حصے کا صحیح طریقے سے جائیزہ لیں اور اگر ضرورت ہو تو موجودہ پلان میں ضروری ترمیم کو یقینی بنائیں ۔ بعد میں مشیر نے ایسوسی ایٹڈ ہسپتال جی ایم سی کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز کے کام کاج کا معائینہ کیا اور ہسپتال کے حکام سے بات چیت کی اور وہاں کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ۔ پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ ڈاکٹر نور علی نے کالج کی فیکلٹی پوزیشن اور کام کاج کے بارے میں تفصیلی بیان پیش کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کمشنر ، سپرنٹنڈنٹ انجینئر ، چیف میڈیکل آفیسر ، ڈپٹی ڈائریکٹر ( پی اینڈ ایس ) جی ایم سی ، متعلقہ محکموں کے ایگزیکٹو انجینئرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اے ایچ جی ایم سی موجود تھے ۔










