ڈاکٹر اَصغر سامون نے پولی تکنیک کالج بانڈی پور ہ کے کیمپس کا اِفتتاح کیا

ڈاکٹر اَصغر سامون نے پولی تکنیک کالج بانڈی پور ہ کے کیمپس کا اِفتتاح کیا

بانڈی پورہ//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر سامون نے ضلع بانڈی پورہ کے واٹ پورہ گائوں میں گورنمنٹ پولی تکنیک کالج کے نئے کمپلیکس کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری کے ہمراہ وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کوثر شفیق ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر علی اَفسر خان، ایڈیشل ڈپٹی کمشنر ظہور احمد میر، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اِمتیاز احمد ، ایگزیکٹیو اِنجینئر جے کے پی سی سی ، پرنسپل پولی تکنیک کالج اور ضلع کے دیگر اعلیٰ اَفسران بھی موجود تھے۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے کلاس روموں اور لیبارٹریوں سمیت نئے کمپلیکس کا معائینہ کیا او رطلباء سے بات چیت کی۔پرنسپل سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ گورنمنٹ پولی تکنیک کالج کا نیا کمپلیکس 18کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا۔پرنسپل سیکرٹری نے طلباء او رکالج کے عملے کے ساتھ کالج میں بنیادی سہولیات سے متعلق مختلف اَمور پر تبادلہ خیال کیاجن میں سکالر شپ ، عملے کی تعداد ، انٹیک صلاحیت میں اِضافہ وغیرہ شامل ہیں۔اُنہوں نے موجودہ سہولیات میں اِضافے کی یقین دہانی کرائی اور طلاب پر زور دیا کہ وہ سہولیات سے اِستفادہ کریں اور خود کو ہنر سے آراستہ کریں تاکہ مارکیٹ میں خود کو روزگار کے قابل بنایا جاسکے۔ڈاکٹر اصغر سامون نے کہا کہ طلباء کو مختلف ہنرمندی کے لئے اِضافی کورسز فراہم کئے جائیں گے اور اُنہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں ہنر مند نوجوانوں کو ایڈ جسٹ کرنے کے لئے پلیسمنٹ ڈرائیو ز بھی منعقد کی جائیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت ہنر مند نوجوانوں کے لئے بھرتی مہم کو منظم کرنے کی خاطر مختلف قومی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مستقبل میں سیاحت کے طلباء کے لئے اورنٹیشن پروگرام بھی منعقد لئے جائیں گے۔اُنہوں نے آئی ٹی آئی میں ہاؤس کیپر اور کارپینٹر سمیت دو نئی تجارتوںکا بھی اِفتتاح کیا۔ڈاکٹراَصغر سامون نے بانڈی پورہ کے ایک پرائیویٹ اِنسٹی چیوٹ میں این ایس ڈی سی کے زیر اہتمام کووِڈ واریر کورس کا بھی اِفتتاح کیا۔بعد میں پرنسپل سیکرٹری نے جل جیون مشن کے تحت 39.21 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ واٹر سپلائی سکیم آیتم اللہ کا اِفتتاح کیا ۔ اِس سکیم سے 334 گھرانوں کے 3864نفوس مستفید ہوں گی۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر سامون نے کہا کہ موجودہ سال بانڈی پورہ کے رہائشیوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں اِنقلابی سال ثابت ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ کے لئے 309 کروڑ روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے جس میں 30نئے فلٹریشن پلانٹس ، 60آبی ذخائر کے علاوہ ایچ ایچز کی صد فیصد کوریج کے ساتھ فنکشنل واٹر کنکشن کی تعمیر کا تصور کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ نے سکولوں ، آشرموں او رآنگن واڑی مراکز کو بذریہ پائپ پانی کی فراہمی کی مہم شروع کی ہے اور اَب تک اِن عمارتوں میں سے زائد اَز 90 فیصد عمارتوں کا احاطہ کیا جاچکا ہے جبکہ باقی عمارتوں کو جلد از جلد پائپ فراہم کیا جائے گا۔بعد میں پرنسپل سیکرٹری اور ڈی ڈی سی چیئرمین عبدالغنی نے مرکزی معاونت والی مختلف سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کی جانب سے منعقدہ ورکشاپ کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی ممبران ، اے ڈی ڈی سی علی افسرخان ، اے ڈی سی ظہور احمد میر ، اے سی آر پرویز رحیم ، اے سی ڈی عبدالرشید داس ، اسسٹنٹ کمشنر پنچایت ، بی ڈی سی ممبران ، سرپنچوں اور پنچوں کے علاوہ ضلع کے دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔ڈاکٹر اَصغر سامون نے مشروم یونٹس ، ٹرائوٹ ریئر نگ یونٹ ، کارپ پونڈ ، 100ایوز ، ڈائری یونٹس ، قالین بننے کے مراکز سمیت مختلف منصوبوں کا اِی ۔ اِفتتاح کیا اور زرعی آلات تقسیم کئے۔اُنہوں نے ٹریکٹر ، ایم سی وی ، برش کٹر ، ایم پی سپرئیر کے علاوہ وہیل چیئرس ، ہیئر نگ ایڈز ، لیبر کارڈ ، کوآپریٹیو رجسٹریشن سر ٹیفکیٹ اور کار یگر رجسٹریشن کارڈ تقسیم کئے۔ڈاکٹر سامون نے سول سوسائٹی کے ارکان سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔ سول سوسائٹی ارکان نے انہیں مفاد عامہ کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔ ڈاکٹر سامون نے بغور سنااور اُنہیں یقین دِلایا کہ وہ متعلقہ اَفسران کے ساتھ مسائل اُٹھائیں۔