والدین کی ایل جی اور یوپی کے وزیر اعلیٰ سے انسانیت کی بنیاد پر رہائی کی مانگ
سرینگر/ /ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں مبینہ طورپر پاکستان کی جیت کا جشن منانے کی پاداش میں اترپردیش حکومت نے گرفتار3کشمیری طالب علموں پر غداری کا مقدمہ درج کیا ہے۔ کے این ایس کے مطابق 21سالہ ارشید یوسف ولد محمد یوسف پال ساکنہ چک پورہ چاڈورہ بڈگام، عنایت الطاف شیخ ولد محمد الطاف ساکنہ ڈونی وارہ بڈگا م اور شوکت احمد ساکنہ شاہ گنڈ بانڈی پورہ اترپردیش میں راجا بلونت سنگھ انجینئرنگ ٹیکنیل آگرہ میں زیر تعلیم ہیں۔ بھاجپا کارکنوںنے کالج کیمپس میں احتجاج کیا اور آگرہ پولیس تھانہ میں مذکورہ طالب علموں کے خلاف شکایت درج کرائی تھی جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ طالب علم شوکت احمد گنائی کے والد محمد شعبان گنائی کاکہنا ہے کہ اس نے گرفتاری سے قبل گزشتہ رات بیٹے سے بات کی تھی اور تب سے اس کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا اور نہ ہی اس کے اتہ پتہ بارے میں کوئی علمیت ہے ۔پیشہ سے مزدور محمد شعبان گنائی نے کہاکہ ’بیٹے کے بارے کسی نے ہمیں کوئی اطلاع نہیں دی، نہ ہی پولیس اور نہ ہی انتظامیہ نے ، ہمیں اُس کی سلامتی کے حوالے سے بہت فکر مند ہیں اور پورا کنبہ ذہنی کوفت میں مبتلا ہے، ہم مالی طور پر اس قدر کمزور ہے کہ وکیل کی خدمات حاصل نہیں کرسکتے۔ انہوںنے جموںوکشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا اور اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدیتہہ ناتھ سے اپیل کی کہ انسانیت کی بنیادوں پر اس کے بیٹے کو معاف کیا جائے اگر اُس نے کوئی غلطی کی ہے۔ طالب علم عنایت الطاف شیخ کے چچا شبیر احمد شیخ نے کہا ہے کہ افراد خانہ یوپی حکومت اور ایل جی سے گزارش کرتی ہے کہ ان کے بیٹے کو ہمدردی کی بنیادوں پر رہا کیا جائے۔ پیشہ سے ترکھان ارشد کے والدمحمد یوسف پال کاکہنا ہے کہ ’ہمیںکالج کے ایک استاد کے ذریعہ بیٹے کی گرفتاری کا علم ہو ا اور استاد نے کہاکہ وہ سب محفوظ ہیں اور پولیس نے مذکورہ طالب علموں کو کچھ سوشل میڈیا سٹیٹس کی وجہ سے حراست میں لیا ہے‘۔محمد یوسف نے مزید کہاکہ ’ہمیں اُن پر لگائے گئے الزامات کے بارے کوئی معلومات نہیں ہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بیٹے محفوظ ہوں اور ان کی جلد رہائی عمل میں لائی جائے‘‘۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ طالب علموںنے مبینہ طور پر وٹ سپ پر پاکستان کی جیت پر پیغامات ارسال کئے ہیں۔تاہم قومی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق کالج انتظامیہ کا حوالے دیتے ہوئے لکھا ہے کہ طالب علموں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت پر کوئی نعرے بازی نہیں کی ہے۔ کالج کے ڈائریکٹر اکیڈیمکس بی ایس کی بی ایس کوشوالہ نے کہاکہ ’’طالب علموںنے کوئی پاکستان کے حق میں کوئی نعرے نہیں لگائے۔ انہوںنے کہاکہ کالج انتظامیہ کو بغیر مطلع کئے باہر کے شخص کی شکایت پر ایف آئی آر درج کرنا غلط ہے۔










