مشیر فاروق خان نے توی بیراج اور رِیور فرنٹ ویو پروجیکٹ کا جائزہ لیا

مشیر فاروق خان نے توی بیراج اور رِیور فرنٹ ویو پروجیکٹ کا جائزہ لیا

جموں// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ توی بیراء پروجیکٹ اور توی رِیور فرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کو مقررہ وقت کے اَندر مکمل کریں۔اُنہوں نے یہ ہدایات منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔میٹنگ میں صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لنگر ، پروجیکٹ کنسلٹنٹ جے ایس سی ایل کے علاوہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے انجینئران اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔مشاہدے میں آیا ہے کہ اِس پروجیکٹ کی تکمیل میں کافی تاخیر ہوئی اور جموں کے لوگ اِس کی تکمیل کا بے صبری سے اِنتظار کر رہے ہیں۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ جموںوکشمیر اِنتظامکہ نے اَب توی بیراج جسے ’’مصنوعی جھیل ‘‘ کہا جاتا ہے ، کے باقی کاموں کی تعمیر کے لئے نظرثانی شدہ پروجیکٹ کو منظور ی دی ہے جس کی تخمینہ لاگت 73.34 کروڑ روپے ہے۔توی پر مجوزہ گیٹیڈ بیراج ایک مصنوعی جھیل پروجیکٹ میں سے ایک ہے جس کا تصور جموں میںعلاقائی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے بوٹنگ اور واٹر سپورٹس جیسی تفریحی سرگرمیاں پیدا کرنے سے شہر کی مجموعی جمالیاتی شکل کو بڑھانے کے لئے بنا یا گیا تھا۔یہ پروجیکٹ پانی کی تفریح اور کھیل سہولیات کو فروغ دینے کے علاوہ مصنوعی جھیل کے اِرد گرد تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے گا جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور سیاحوں کو جموں شہر کی طرف راغب کیا جائے گا۔دورانِ میٹنگ جانکاری دی گئی کہ محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول میں زیرِ اِلتوأ کاموں کے لئے ٹینڈرس طلب کرنے کا عمل جاری ہے اور مشیر موصوف کو مطلع کیا کہ این آئی ٹی چند دِنوں میں شائع کر دی جائیں گی ۔میٹنگ کو مزید جانکاری دی گئی کہ پروجیکٹ کو مقررہ مدت کے اَندر مکمل کرنے کے لئے سول ورک اور میکنیکل کام ایک ساتھ اَنجام دیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کو ہدایت دی کہ وہ جلد ٹینڈر س طلب کریں اور اِس منصوبے کو 10ماہ کی مدت کے اندر مکمل کریں۔مشیر موصوف نے توی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا بھی تفصل سے جائزہ لیا جسے جموں سمارٹ سٹی کے تحت اِنجام دیا جانا ہے۔پروجیکٹ کنسلٹنٹ نے ایک تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی اور اُنہوں نے کہا کہ جموں سمارٹ سٹی لمٹیڈ نے دریائے توی کو جمالیاتی شکل دینے اور اسے سیاحتی بڑے مرکز کے طور پر فروغ دینے کے لئے دریائے توی کے محاذ کو تیار کرنے کے لئے ایک تفصیلی پروجیکٹ رِپور ٹ تیار کی ہے۔سات کلومیٹر طویل ریور فرنت کو دو مرحلوں میں مکمل کرنے کی تجویز ہے ۔ مرحلہ اوّل چوتھے پُل سے مین توی پُل تک اور مرحلہ دوم مین توی پُل سے گجرنگر پُل تک شروع ہوتا ہے ۔ بتایا گیا کہ دریا کے دونوں اَطراف پر راستے بنائے جائیں گے تاکہ عوام کو آسانی سے رَسائی فراہم کی جاسکے۔اِس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ ابتدائی طور پر بھگوتی نگر بیراج سے وِکرم چوک پُل تک 2.7کلومیٹر مرحلہ اوّل کے تحت لیا جائے گا۔میٹنگ میں اِس پروجیکٹ کے حوالے سے مختلف اہم امور پر بھی غور و خوض ہوا۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے مشورہ دیا کہ اِسے بہترین مقامات میں سے ایک بنانے کے لئے اِصلاحی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔مشیر موصوف نے متعلقہ اَفسران کو منصوبے کے لئے درکار اَراضی کے حصول کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت دی۔