بارہمولہ//مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری ڈرنکنگ واٹر اینڈ رورل سنیٹیشن ارون بروکانے مختلف متعلقین کے ہمراہ ضلع بارہمولہ کا دورہ کیا اور وہاں اُنہوں نے سوچھ بھارت مشن ( ایس بی ایم) مرحلہ دوم کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔اِس کے علاوہ دیگر معاونت والی سکیموں اور پروگراموں کا بھی جائزہ لیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر رورل سنٹیٹیشن طارق احمد گنائی، اے ڈی ڈی سی بارہمولہ اعجاز عبداللہ صراف ، اے سی ڈی گلزار احمد کان ، بی ڈی اوز مع دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل سیکرٹری نے ایس بی ایم اور مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا اے سی ڈی نے انہیں ان کی موجودہ صورتحال اور پوزیشن کے بارے میں جانکاری دی۔مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری ارون بروکا نے تفصیلی جائزہ لینے کے بعد تمام دستیاب وسائل کو مؤثر پیداواری طور پر متحرک کرنے پر زور دیا تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل ہوں۔ اُنہوں نے ہم آہنگی اور تال میل سے کام کرنے کی ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ رُکاوٹوں کو بھی مقررہ وقت کے اندر دور کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ پلاسٹک سے پاک رورل اِنڈیا اور سالڈ اور لیکوڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ہدف کو حاصل کرنے کے کام پر بھی زور دیا۔










