7ماہ بعدبڈگام سے بانہال تک ریل خدمات بحال

بڈگام سے بارہمولہ تک ٹرین سروس فی الوقت بند ہی رہے گی:ریلوے حکام

سری نگر// بڈگام سے بانہال تک چلنے والی ریل سروس جمعرات کو قریب7 ہفتوں کے بعد جزوی طور بحال کر دی گئی ہے۔تاہم بڈگام سے بارہمولہ تک چلنے والی ریل سروس ہنوز معطل ہے۔خیال رہے مقامی انتظامیہ نے کورونا کی دوسری لہر میں تیزی کے بعد 10 مئی کو وادی کشمیر میں ٹرین سروس معطل کر دی تھی۔کشمیرنیوز سروس کے مطابق شمالی ریلوے کے ذرائع نے بتایا کہ بڈگام تابانہال ریل سروس جمعرات کو جزوی طور بحال کر دی گئی تاہم صرف 50 فیصد مسافروں کو ہی ٹرین میں سفر کرنے کی اجاز ت ہوگی۔ذرائعنے کہا کہ اس ٹریک پر دن میں صرف 4 ریل گاڑیاں چلیں گی جن میں2صبح کے وقت اور 2 شام کے وقت چلیں گی۔ذرائع کامزیدکہناتھاکہ نے کہا کہ بڈگام سے بارہمولہ تک ٹرین سروس فی الوقت بند ہی رہے گی۔ادھر خبررساں ایجنسی یواین آئی کے مطابق ریلوے کے ایک عہدیدارنے کہا کہ اس ٹریک پر ٹرین سروس بحال کرنے کا فیصلہ صورتحال کا سر نو جائزہ لینے کے بعد ہی لیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جمعرات کی صبح شیڈول کے مطابق پہلی ٹرین نوگام سری نگر کے راستے سے بانہال سے بڈگام پہنچی۔ادھرنوگام اسٹیشن پر ٹرین کے انتظار میں بیٹھے لوگوں نے ٹرین سروس کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین سفر نہ صرف سستا ہے بلکہ اس میں وقت بھی بہت کم صرف ہوتا ہے۔ کچھ مسافروں نے بتایا کہ ہمیںدفتر جانے کے لئے کافی سفر کرایہ خرچ ہوتا تھا اور صبح سویرے گھر سے نکلنا پڑتا تھا اور شام کو دیر گئے واپس لوٹتا تھا۔انہوں نے کہا کہ ٹرین سروس کی جزوی بحالی سے میرا پیسہ بھی بچے گا اور وقت بھی۔ایک مسافر نے کہا کہ ٹرین سروس مزدور طبقے سے وابستہ لوگوں کے لئے زیادہ فائدہ بخش ہے۔انہوں نے کہا کہ سومو گاڑی میں سفر کرنے سے ہماری ایک ہفتے کی مزدوری میں سے کم سے کم دو دن کی مزدوری سفر پر ہی صرف ہو جاتی ہے جبکہ ٹرین میں سفر کرنے سے کافی سفر کرایہ بھی بچتا ہے اور وقت بھی۔