سرینگر //وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہاہے کہ بھارت اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تنازعات کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کا خواہاں ہیں لیکن قوم کی حفاظت اورسلامتی کے ساتھ کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا۔ کے این ایس کے مطابق لداخ دورے کے دوسرے دن اگلے مورچوں پر فوج سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہاکہ ’بھارت پڑوسی ممالک کے ساتھ تنازعات کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنے میں یقین رکھتا ہے لیکن اگر کوئی اشتعال انگیزی کی گئی تو اس کا بھرپور طریقے سے جواب دیا جائیگا‘‘۔ لداخ میں کارو فوجی مرکز پر 14کارپس کے آفیسروں سے تبادلہ خیال کیا۔راجناتھ سنگھ نے 2020میں گلوان وادی واقعہ میں قوم کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے فوجی اہلکاروںکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک اُن کی عظیم قربانیوںکو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوںنے کہاکہ قوم کو اپنی مسلح افواج پر فکر ہے ، بھارت امن پسند قوم ہے اور کبھی بھی جارحیت کی روادار نہیں البتہ یہ ہمیشہ اشتعال انگیزی کا مناسب جواب دینے کیلئے ہمیشہ تیار ہے۔ راجناتھ سنگھ نے مسلح افواج کو ہر طرح کی مدد کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ایک طاقتور فوج کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی اہل ہے۔










