نئی دہلی کی کُل جماعتی میٹنگ،حکومت گھوڑے کو گاڑی کے پیچھے باندھنے کی خواہاں: چدمبرم

سرینگر //کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم نے جموںوکشمیر میں ریاستی درجہ دینے سے قبل انتخابات منعقد کرانے کے اصرار پر مودی کی سربراہی والی حکومت کو لتاڑا ہے۔ کے این ایس کے مطابق جمعہ کو ٹویٹ کرتے ہوئے پی چدمبرم نے لکھا کہ ’’کانگریس ،جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتیں اور لیڈران انتخابات سے پہلے ریاستی درجہ کی بحالی چاہتے ہیں لیکن مرکزی حکومت پہلے چنائو اور بعد میں ریاستی درجہ، گھوڑا ہی گاڑی کو کھینچتا ہے ، ریاست کو انتخابات کرانے چاہئے اور ریاستی الیکشن کمیشن کے تحت چنائو آزاد اور منصفانہ ہونگے، حکومت کیوں یہ چاہتی ہے کہ گاڑی آگے رکھی جائے اور گھوڑا اس کے پیچھے؟ یہ بے ڈھنگا ہے‘‘۔ قابل ذکرہے کہ جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ 7لوک کلیان مارگ پر کل جماعتی میٹنگ منعقد ہوئی جو ساڑھے3گھنٹوں تک جاری رہی اور اس میں 14لیڈروں جن میں بزرگ سیاستدانوں کے علاوہ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھی شرکت کی۔ بیشتر لیڈروںنے وادی میں سیاسی عمل کی بحالی پر زوردیا۔