مشیر بصیر خان نے اودھمپور کا دورہ کیا ، کووڈ کنٹرول اقدامات کا لیاجائیزہ

اودھمپور//لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے ضلع اودھمپور کا وسیع دورہ کیا جس میں ضلع میں موجودہ کووڈ 19 انتظامات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کووڈ کے تخفیف کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران مشیر نے بی ڈی سی ، ڈی ڈی سی اور یو ایل بی کے ممبران ، تاجروں کی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں ، ٹرانسپورٹرز اور مذہبی رہنماؤں اور مختلف محکموں کے ضلعی افسران کے ساتھ ضلع اودھمپور کے موجودہ کووڈ 19 کے منظر نامے کا جائیزہ لینے کیلئے کانفرنس ہال ڈی سی آفس کمپلیکس اودھمپور میں ایک میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کونسل کے چئیر پرسن لال چند ، ڈپٹی کمشنر اودھمپور اندو کنول چب ،ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ جموں کشور سنگھ ، ایس ایس پی سرگن شکلا ، بی ڈی سی ایس صدر ایم سی ڈاکٹر جوگیشور گپتا ، ڈی ڈی سیز ، تاجروں کی انجمنوں کے نمائندوں ، ٹرانسپورٹرز اور مذہبی رہنماؤں کے علاوہ دیگر ضلع افسران نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر اودھمپور نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع میں کورونا وائیرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی ۔ مشیر بصیر خان نے نامزد کووڈ کئیر سنٹرز میں دستیاب انفراسٹریکچر اور مطلوبہ سہولیات کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ اس کے علاوہ کورونا وائیرس کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔ میٹنگ کے دوران بی ڈی سی ، ڈی ڈی سی اور صدر ایم سی نے پنچاری میں زیر تعمیر سیاحوں کے ہٹ کو مکمل کرنے کے سلسلے میں معاملات اور مطالبات اٹھائے ۔ مشیر بصیر خان نے پنچائت گھر مانڈ کا دورہ کیا اور وہاں دیہی ترقی کے جاری کاموں کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے پی آر آئیز سے بھی بات چیت کی ۔ وہاں موجود افسران اور پی آر آئیز سے کہا گیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں آئی ای سی کی سرگرمیاں شروع کریں اور دیہی /شہری عوام میں انسانی جانوں کو مہلک بیماری سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کیلئے آگاہی پیدا کریں ۔ ڈائریکٹر آر ڈی ڈی سے کہا گیا کہ وہ ضلع میں رہ جانے والے پنچائت گھروںکیلئے فوری طور پر زمین کی نشاندہی کریں اور پانی ،بجلی کی دستیابی کو یقینی بنائیں ۔ مشیر بصیر خان نے ملہاڑ ، گرنئی میں 5 بستروں پر مشتمل کووڈ کئیر سنٹر کا بھی دورہ کیا اور ان مراکز کے انتظامات کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے افسران کو چوکس رہنے اور مریضوں کو بہترین خدمات کی فراہمی کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ لفٹینٹ گورنر کی ہدایت پر 5 بستروں پر مشتمل کووڈ سنٹرز کے اس انوکھے انتظام کا بہت اہم کردار ہے ۔