5 اگست کے بعد سے جموں و کشمیر کے لوگوں میں صدمہ:جی اے میر

سری نگر//کانگریس کی جموں وکشمیرشاخ کے صدرغلام احمد میر نے جمعرات کو کہا کہ5 اگست2019 کے بعد سے جموں و کشمیر کے لوگوں کے دل میں صدمہ ہے کہ ہمارے سارے تحفظ کیوں ختم کئے گئے۔انہوں نے کہاکہ اس تعلق سے کانکریس پارٹی کل جماعتی میٹنگ کے دوران وزیراعظم مودی کے سامنے ایک کروڑ 30 لاکھ لوگوں کی ترجمانی کرے گی۔کشمیرنیوز سروس کے مطابق نئی دہلی میں وزیراعظم کی زیرصدارت منعقدہ کل جماعتی میٹنگ سے پہلے غلام نبی آزادکیساتھ ملاقات کے بعدجی اے میر نے کہاکہ کل جماعتی اجلاس کا ایجنڈا واضح نہیں ہے لیکن جموں و کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت ختم کئے جانے کے اقدام کے2سال بعد یہ اس خطے کے لئے سب سے بڑی سیاسی پیش رفت ہے۔ جموں و کشمیر کانگریس پارٹی کے صدر جی اے میر نے کہا کہ اس اجلاس کی سب سے پہلے کانگریس نے ستائش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ یہی طریقہ ہے ملک کو چلانے کا اس لیے کانگریس پارٹی کی ٹیم اس میں حصہ لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ کا ایجنڈا ابھی نہیں بتایا گیا ہے، لیکن ہم چاہیں گے کہ وزیراعظم نریندر مودی میٹنگ شروع کرنے سے پہلے اپنا ایجنڈا بتادیں۔ ایجنڈا کے مطابق کانگریس پارٹی جموں و کشمیر کے لوگوں کے جذبات مودی کو سمجھانے کی کوشش کرے گی۔انہوں کہا کہ5 اگست کے بعد سے جموں و کشمیر کے لوگوں کے دل میں صدمہ ہے کہ ہمارے سارے تحفظ کیوں ختم کیے۔ دفعہ 370 کی بحالی کے تعلق سے پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ پہلے وزیراعظم مودی کی طرف سے ایجنڈا آنے دیجیے اس کے بعد ہم کچھ کہیں گے۔