بصیر خان نے مختلف پاور سٹیشنوں اور تنصیبات کا اچانک معائینہ کیا

جموں //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے جموں کے مختلف مقامات کا اچانک دورہ کیا تا کہ عملے کی دستیابی کا پتہ لگانے کیلئے مختلف پاور اسٹیشنوں /تنصیبات کے کام کا معائینہ کیا جا سکے اور اس سلسلے میں جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جا سکے ۔مشیر نے مختلف مقامات کا دورہ کیا جن میں چک بھلوال ، سجاد پورکوٹھے ، مڑھ اور بھگوتی نگر شامل ہیں ۔ ان کے ہمراہ ایم ڈی جے کے پی ڈی سی ایل ، چیف انجینئر جے پی ڈی سی ایل ، ایگزیکٹو انجینئر اور دیگر متعلقہ افسران تھے ۔ ان مقامات پر بجلی کی تنصیبات اور کاموں کا معائینہ کرتے ہوئے انہوں نے تکنیکی خصوصیات کے بارے میں دریافت کیا اور عملے کی تعداد ، خرابیوں کی صورتحال ، بجلی کے نظام الاوقات ، کنٹرول رومز کا کام ، شکایات کے ازالے کا طریقہ کار اور تبدیلیوں کی مرمت سمیت بجلی گھروں کے مجموعی کام کا جائیزہ لیا ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدگی سے سٹیشنوں کا معائینہ کریں اور بجلی کے منظر نامے کا جائیزہ لیں ، شکائت کے اندراج اور کاروائی کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے ترسیل کے بہتر نظام پر زور دیا اور کہا کہ صارفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ بجلی کی کٹوتی کے بارے میں عوام کو پہلے سے جانکاری دینے کو یقینی بنائیں اور بجلی کی غیر ضروری کٹوتی نہیں کی جانی چاہئیے موثر بجلی کی فراہمی عوام کا حق ہے اور عوام کو بجلی بلا خلل فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ لفٹینٹ گورنر ذاتی طور پر بجلی کی صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہے ہیں اور حکومت نے بنیادی ڈھانچے کو بڑھایا ہے تا کہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ جہاں تک ممکن ہو صارفین کو بلا خلل بجلی کی فراہمی کی جا سکے ۔ انہوں نے غیر قانونی کنکشنوں اور بجلی چوری کی نشاندہی کرنے کیلئے معائینہ ٹیموں کے سرکل وائیز تشکیل دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ دیہی اور شہری علاقوں کے مقامی عوامی نمائندوں کو بجلی کی فراہمی اور بجلی کے جاری منصوبوں سے متعلق رائے لینے کیلئے ان سے مشغول ہوں ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو تمام جاری کاموں کو 15 دن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ ایم ڈی جے پی ڈی سی ایل نے یقین دہانی کرائی کہ جاری تمام کام مقررہ ٹائم لائنز میں مکمل ہو جائیں گے ۔