پونچھ میں 20 چوری شدہ اور گمشدہ موبائل فون حقیقی مالکان کے سپرد

جموں، 9 فروری (یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں منگل کو پولیس نے کم از کم 20 چوری شدہ اور گمشدہ موبائل فونوں کو ان کے حقیقی مالکان کے سپرد کر دیا۔
جموں و کشمیر پولیس کے سائبر سیل کی جانب سے برآمد کئے گئے ان موبائل فونوں کی مالیت ساڑھے تین لاکھ سے پونے چار لاکھ روپے تک بتائی جا رہی ہے۔
ایس ایس پی پونچھ رمیش کمار انگرال نے نامہ نگاروں کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘ضلع پونچھ میں ہمارا سائبر سیل ڈی ایس پی آپریشنز منیش شرما کی سربراہی میں کام کرتا ہے۔ ہمارا سائبر سیل سوشل میڈیا پر نگرانی رکھتا ہے اور تحقیقات میں ہماری مدد کرتا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘ہم موبائل فونوں کی ٹریکنگ کا بھی کام کرتے ہیں۔ جب کسی کا موبائل فون گم ہو جاتا ہے تو ہمارے پاس اس کی شکایت درج ہوتی ہے۔ شکایت موصول ہونے پر ہم ان فونوں کی ٹریکنگ کا کام شروع کرتے ہیں’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘آج اس تقریب میں بیس کے قریب قیمتی موبائل فون ان کے حقیقی مالکان کے سپرد کئے گئے ہیں۔ ان میں سے کچھ موبائل فون 35 ہزار روپے تک کی قیمت کے تھے۔ ان موبائل فونوں کی قیمت ساڑھے تین سے پونے چار لاکھ روپے تک بنتی ہے’۔