سری نگر، 30 جنوری (یو این آئی) آل جموں و کشمیر فارسٹ کارپوریشن نے ہفتے کے روز یہاں پریس کالونی میں اپنے مطالبات خاص طور پر تنخواہوں کی واگذاری کے حق میں احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ اپنے مطالبات کے حق میں جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ فارسٹ کارپوریشن کے ملازمین گذشتہ چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب سے فارسٹ کارپوریشن ایکٹ کو منسوخ کیا گیا تب سے وہ گونا گوں مشکلات سے دو چار ہیں۔
موصوف نے کہا کہ تین ماہ کے بعد ہمیں ایک ماہ کی تنخواہ دی جاتی ہے جس کو بینک والے قرضے کی قسط کے طور کاٹتے ہیں اور ہمارے جیب پھر خالی ہی رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 14 جنوری کو محکمہ مال نے ایک حکمنامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ فارسٹ کارپوریشن کے ملازمین کو بھی سرکاری خزانے سے تنخواہ واگذار کی جائے گی لیکن ہمیں اب کسی بھی جانب سے تنخواہ نہیں ملتی ہے۔
موصوف احتجاجی نے کہا کہ ہمارے دیگر مسائل بھی ہیں جن میں کارپوریشن میں کام کرنے والے عارضی ملازموں کی نوکریوں کی مستقلی خا ص طور پر قابل ذکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مسائل کو جلد از جلد حل نہیں کیا گیا تو موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی ہم اپنے اہلخانہ کے ساتھ سڑکوں پر آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جو فارسٹ کارپوریشن کے چیئر مین بھی ہیں، کو چاہئے کہ ہمارے مسائل کی طرف توجہ دے کر ان کا حل تلاش کریں۔










