محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی کلچرل یونٹ کشمیر کے زیرِ اہتمام سری نگر میں ’ ہنسی کے رنگ، سنگیت کے سنگ‘ پروگرام کا اِنعقاد

محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی کلچرل یونٹ کشمیر کے زیرِ اہتمام سری نگر میں ’ ہنسی کے رنگ، سنگیت کے سنگ‘ پروگرام کا اِنعقاد

سری نگر//محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (ڈِی آئی پی آر) کی کلچرل یونٹ کشمیر کی نے پنڈت بھجن سوپوری آڈیٹوریم سری نگر میں ایک روزہ ثقافتی پروگرام ’ہنسی کے رنگ، سنگیت کے سنگ‘ کا اِنعقاد کیا ۔ مزاح، موسیقی اور ثقافتی اظہار کے لئے منعقدہ اِس پروگرام میں مزاحیہ مشاعرے کے ساتھ کوہِ نور بینڈ کی جانب سے لائیو موسیقی کی دلکش پیشکشیں پیش کی گئیں۔ ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ ممتا یادونے پروگرام کی صدارت کی۔اِس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز ظہور احمد رینہ، جوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن کشمیر سیّد شہنواز بخاری، ڈِپٹی ڈائریکٹر اِنفارمیشن جاوید احمد راتھر، ڈپٹی ڈائریکٹر سینٹرل زُبیر احمد، ڈِپٹی ڈائریکٹر پی آرمحمد رفیق زُلہ، کلچرل آفیسر عبدالرقیب بٹ کے علاوہ دیگر اَفسران، نامور فنکاروں، اَدیبوں، شاعروں اور دانشوروں نے شرکت کی۔مزاحیہ مشاعرے میں وادی کے ممتاز شعرأ ایوب صابرؔ، نذیر جوشؔ، یوسف گلشنؔ، امین اشرفؔ، تاثیر افضلؔ، مظفر حسین دلبرؔ، جہانگیر احمد شاہؔ، ڈاکٹر شیدہ حسینؔ، شبیر حکاکؔ اور غلام نبی عاجز ؔنے اَپنے دلچسپ، طنزیہ اور مزاحیہ کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ شعرأ کی برجستہ شاعری نے محفل کو قہقہوں، ادبی دلچسپی اور خوشگوار ماحول سے بھر دیا۔کوہِ نور بینڈ نے اَپنی دلکش لائیو موسیقی کی پیشکش سے پروگرام میں مزید رنگ بھرے اور تفریح کے ساتھ کشمیر کی زرخیز فنکارانہ اور ثقافتی روایات کی عکاسی کی۔ڈائریکٹر اِنفارمیشن ممتایادو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا اور فنکاروں، شاعروں، موسیقاروں اور دیگر فنون سے وابستہ اَفراد کو اَپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ثقافتی پروگرام خطے کے شاندار فنکارانہ اور اَدبی ورثے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مشترکہ روایات، تخلیقی صلاحیتوں اور فنون کے ذریعے لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں۔ڈائریکٹر صاحبہ نے سال بھر ثقافتی سرگرمیوں کے تسلسل کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے ہر ماہ اس نوعیت کے پروگرام منعقد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ باقاعدہ ثقافتی سرگرمیوں سے فنکاروں کو وسیع تر سامعین کے سامنے اَپنی صلاحیتیں پیش کرنے کے زیادہ مواقع ملیں گے، نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ اَفزائی ہوگی اور جموں و کشمیر کے ثقافتی منظرنامے کو مزید تقویت ملے گی۔ اُنہوں نے شعرأ اور موسیقاروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر مزاح، اَدب اور موسیقی ہم آہنگ کرنے پر بھی سراہا۔جوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن کشمیر سیّد شہنواز بخاری نے فنکاروں، شعرأ ، ادیبوں اور دانشوروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کشمیر کے فنکارانہ اور ادبی ورثے کے تحفظ اور فروغ میں ان کے کردار کو سراہا۔ اُنہوں نے ثقافتی اظہار کے لئے بامقصد پلیٹ فارم فراہم کرنے اور مقامی صلاحیتوں کی حوصلہ اَفزائی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔کلچرل آفیسر عبدالرقیب بٹ نے شکریہ کی تحریک پیش کرتے ہوئے معزز مہمانوں، شریک فنکاروں،شعرأ، دانشوروں اور سامعین کا شکریہ اَدا کیا اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں ان کے تعاون اور شرکت کو سراہا۔اسسٹنٹ ایگزیبیشن اینڈ کلچر آفیسر ( اے اِی سی او) سیّد شکیل شان نے پروگرام کی نظامت کے فرائض اَنجام دئیے اور خطے کے ثقافتی ورثے، فنون اور اَدبی روایات کے تحفظ و فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ کلچرل یونٹ کشمیر جموں و کشمیر کے شاندار فنکارانہ اور ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے اور اسے فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یونٹ مقامی فنکاروں، شاعروں، موسیقاروں اور دیگر فنون سے وابستہ اَفراد کو اَپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بامقصد مواقع فراہم کرنے کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔اِس موقعہ پر اعلان کیا گیا کہ کلچرل یونٹ کشمیر جلد ہی موسیقی اور تھیٹر کے شعبوں میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام منعقد کرے گا۔ ان پروگراموں کا مقصد خطے میں اُبھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی شناخت، حوصلہ اَفزائی اور انہیں اَپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ اِس اَقدام سے نئے فنکاروں کی تربیت و حوصلہ اَفزائی اور نوجوانوں کو اَپنی فنی صلاحیتیں اُجاگر کرنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔دورانِ تقریب ڈائریکٹر اِنفارمیشن ممتا یادو نے پروگرام میں حصہ لینے والے فنکاروں اور شعرأ کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔اس پروگرام نے مقامی ٹیلنٹ کی سرپرستی، ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور فن، اَدب، موسیقی اور مزاح کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر ہم آہنگ کرنے کے لئے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے عزم کی توثیق کی۔