کشمیر میراتھن کے دوران بہترین ٹریفک انتظامات

JKSET کا کوئی امیدوار منزل تک پہنچنے سے نہیں روکا گیا/ پولیس

سرینگر// یو این ایس / ٹریفک پولیس سٹی سرینگر نے اتوار کو کہا کہ کشمیر میراتھن کے سلسلے میں نافذ کیے گئے ٹریفک ڈائیورڑن کے دوران جموں و کشمیر اسٹیٹ ایلیجیبلٹی ٹیسٹ (JKSET) میں شرکت کرنے والے کسی بھی امیدوار کو اپنی منزل تک پہنچنے سے نہیں روکا گیا۔محکمہ ٹریفک پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ایم اے روڈ اور ممتا چوک، جہانگیر چوک، اخوان چوک اور ریڈیو کشمیر کراسنگ سے گزرنے والے راستوں کو صبح 8:30 بجے تک معمول کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا تھا۔بیان کے مطابق، بلیوارڈ روڈ پر نشاط کی جانب جانے والی ٹریفک کو صبح 10:15 بجے بحال کر دیا گیا۔ اس دوران JKSET کے بعض امیدواروں کو نشاط سے ڈلگیٹ کی جانب سفر کرنے کی اجازت بھی دی گئی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ صرف ہبک کراسنگ سے نشاط کی جانب جانے والے راستے پر ٹریفک ڈائیورژن باقی تھا، جسے صبح 11:45 بجے ختم کر دیا گیا۔ٹریفک جام سے متعلق دعوو ¿ں کو مسترد کرتے ہوئے محکمہ ٹریفک پولیس نے کہا کہ بڑے پیمانے پر منعقد ہونے والے ایونٹ کے لیے پہلے سے منصوبہ بند ٹریفک ڈائیورڑن نافذ کیے گئے تھے اور ان کے بارے میں عوام کو پیشگی اطلاع بھی دی گئی تھی۔ٹریفک پولیس کے مطابق، گاڑیوں کی آمدورفت برقرار رکھنے اور امتحانی امیدواروں سمیت عام لوگوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا ہو، اس مقصد کے تحت ٹریفک انتظامات مرحلہ وار نافذ کیے گئے۔محکمہ ٹریفک پولیس نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بڑے ایونٹس کے کامیاب انعقاد کے ساتھ ساتھ طلبہ اور دیگر مسافروں کی آمدورفت کو بھی آسان بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔