جموں و کشمیر کی نئی وزارتی کونسل کی توسیع

تیاریاں تقریبا مکمل ، وزراءکی حلف برداری منگل کو متوقع

سرینگر یو این ایس / جموں و کشمیر کی وزارتی کونسل میں شامل ہونے والے نئے وزراءکی طویل انتظار کے بعد ہونے والی حلف برداری کی تقریب منگل کو منعقد ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ایک ذریعے کے مطابق، حلف برداری کی تقریب منگل کو منعقد ہونے کی توقع ہے، جبکہ نئے وزراءکے نام پیر کی شام یا منگل کی صبح تک لوک بھون کو بھیجے جانے کا امکان ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نئے شامل ہونے والے وزراءکو عہدے اور رازداری کا حلف دلائیں گے۔ذرائع نے بتایا، ”وزیر اعلیٰ کی جانب سے برقرار رکھے گئے موجودہ وزراءکو دوبارہ حلف لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ صرف وزارتی کونسل میں شامل کیے جانے والے نئے چہروں کو ہی حلف دلایا جائے گا۔“حلف برداری کی تقریب کے بعد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے موجودہ اور نئے شامل ہونے والے وزراءمیں محکموں کی تقسیم متوقع ہے۔جموں و کشمیر تنظیمِ نو ایکٹ کے تحت، وزیر اعلیٰ سمیت وزارتی کونسل کے ارکان کی مجموعی تعداد قانون ساز اسمبلی کی کل تعداد کے 10 فیصد سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔ اس کے مطابق، جموں و کشمیر میں وزیر اعلیٰ کے علاوہ زیادہ سے زیادہ نو وزراءہو سکتے ہیں۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے مشاورت کے بعد وزراءکی فہرست کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے پارٹی کے ساتھیوں سے یہ بھی اپیل کی تھی کہ وہ وزارت کے عہدوں کے حصول کے لیے لابنگ کرنے سے گریز کریں۔