مستقبل ہمارے ہاتھوں میں ہے اور نوجوان پُر عزم کوشش سے آنے والا کل تعمیرکرسکتے ہیں
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے’ کشمیر میراتھن ‘کی ایوارڈ تقریب سے خطاب کیا اور تمام فاتحین کو ان کی شاندار کامیابیوںپر مُبارک باد دِی ۔اِس موقعہ پر کُل 68 تمغے دئیے گئے جن میں’ فل میراتھن‘ اور’ ہاف میراتھن‘ کے زُمروں میں سے ہر ایک کے لئے34، 34 تمغے شامل تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر تمغہ لگن، اِستقامت اور کسی خواب کو پانے کی جستجو کی عکاسی کرتا ہے۔اُنہوں نے اَپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ میراتھن کی اصل روح صرف فاتحین میں ہی نہیں بلکہ ہر اس شریک میںبھی پنہاںہے جو دوڑ مکمل کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جو لوگ گھنٹوں کی مسلسل کوشش کے بعد دوڑ مکمل کرتے ہیں، وہ اکثر اتنی ہی مشکل چیلنجوں پر قابو بھی پاتے ہیں اور اَپنے عزم و ہمت کے لئے یکساں ستائش کے مستحق ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے میراتھن میں جموں و کشمیر کے رہائشیوں کے لئے علیحدہ زُمرہ شامل کئے جانے کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک کے ہر کونے میں صلاحیتیں موجود ہیں لیکن مواقع ہمیشہ سب کے لئے یکساں طور پر دستیاب نہیں ہوتے۔ اُنہوں نے کہا کہ ’کشمیر میراتھن ‘نے یونین ٹیریٹری کے دُور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو اَپنی صلاحیتوںکودِکھانے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔ اُنہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مناسب تعاون اور حوصلہ اَفزائی ملنے پر جموں و کشمیر سے مستقبل کے میراتھن چمپئن سامنے آئیں گے۔اُنہوںنے کہا،’’محکمہ سیاحت جموں و کشمیر سپورٹس کونسل اور نجی اِداروں کو چاہیے کہ وہ آج کے مقامی فاتحین کے لئے ٹرینروں کو فراہم کریں، ان کی معاونت اور رہنمائی کریں تاکہ اِس میراتھن کی بنیاد پر وہ قومی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹس تک رسائی حاصل کرسکیں۔ میری خواہش ہے کہ آج کی’ کشمیر میراتھن‘ میں مقامی نوجوانوں کا جیتا ہوا تمغہ ایک نئے سفر کا آغاز ثابت ہو۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اس ایونٹ کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی مقام کو بھی اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ’ کشمیر میراتھن‘ نے عالمی’ رننگ سرکٹ‘ میں اپنی شناخت بنائی ہے اورسری نگر کو طویل فاصلے کی باوقار دوڑیں منعقد کرنے والے شہروں کی صف میں شامل کرنے میں مدد دِی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ پورے ہندوستان اور بیرونِ ملک سے آنے والے شرکأ جموںوکشمیر کے سفیروں کا کردار اَدا کرتے ہیں جو یہاں کہ مہمان نوازی اور قدرتی حسن کی یادیں اَپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔اُنہوںنے طرزِ زِندگی سے جڑی بیماریوں کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے اور فٹنس کو فروغ دینے میں میراتھن جیسے مقابلوں کے کردار پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس لوگوں کو صحت مند عادات اَپنانے کی ترغیب دیتے ہیں اور مسلسل کوشش، نظم و ضبط اور ثابت قدمی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’میراتھن لوگوں کو صحت مند زندگی کی جانب ایک نئی شروعات کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ اس ’کشمیر میراتھن‘ میں نوجوان شرکأ اور 50 برس سے زائد عمر کے تجربہ کار دوڑنے والوں کو دیکھ کر لاکھوں لو گ متاثر ہوسکتے ہیں جو آگے بڑھ کر کم از کم روزانہ کی چہل قدمی کو اَپنے معمولات کا حصہ بنائیں گے۔‘‘اُنہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ اَفزائی کی کہ وہ میراتھن کے اَپنے تجربات سے طاقت حاصل کریں اور آئندہ کے چیلنجوں کا اعتماد اور عزم کے ساتھ سامنا کریں۔ اُنہوں نے شہریوں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ عزم،لگن، محنت اور اِجتماعی ترقی کے جذبے کے ساتھ ایک ’ترقی یافتہ ہندوستان‘ اورخود اَنحصار جموں و کشمیر ‘کی تعمیر میں اَپنا کردار اَدا کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’مستقبل کو صحیح سمت میں ڈھالنا ہمارے اپنے ہاتھوں میں ہے۔ آج یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے مستقبل کی ذِمہ داری خود اُٹھائیں اور پُرعزم کوششوں کے ذریعے ایک نئی تاریخ رقم کریں۔ ایک ترقی یافتہ ہندوستان اور خودانحصارجموں و کشمیر کے لئے ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک ایسی ناقابلِ شکست طاقت تعمیر کرنی ہوگی جو ہر چیلنج کو موقع میں بدل دے۔‘‘اُنہوں نے کہا،’’میں جموں و کشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسز کو سراہتا ہوں جنہوں نے گزشتہ چھ برسوں کے دوران سازگار ماحول قائم کیا جس سے یونین ٹیریٹری میں اِس طرح کے باوقار بین الاقوامی سطح کے پروگراموں کے اِنعقاد کی راہ ہموار ہوئی،۔‘‘اعزازی تقریب میں چیف سیکرٹری اٹل ڈولو،سیکرٹری محکمہ سیاحت اونی لواسا۔صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، آئی جی پی کشمیر سْجیت کمار، ایس ایس پی سر ی نگر ڈاکٹر جی وِی سندیپ چکرورتی، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگراَکشے لابرو، سول اور پولیس اَنتظامیہ کے سینئر اَفسران،ممتازشہریوں، کھلاڑیوں اور بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔










