کشمیر میں اسکولوں کے اوقات میں فوری تبدیلی کا کوئی منصوبہ نہیں

موجودہ موسمی حالات سے ہم آہنگ ہونا ضروری/ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن

سرینگر/ / یو این ایس / ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر نصیر احمد وانی نے منگل کے روز کہا کہ وادی کشمیر میں اسکولوں کے اوقات میں فوری طور پر کوئی تبدیلی کرنے کا منصوبہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ اور تدریسی و غیر تدریسی عملے کو موجودہ موسمی حالات کے مطابق خود کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کے معاملے پر بعد میں غور کیا جاسکتا ہے، خصوصاً سالانہ دربار موو کے تناظر میں۔نصیر احمد وانی نے کہا کہ فی الحال کشمیر میں اسکول صبح 9 بجے سے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور موجودہ شیڈول میں فوری تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وادی کے مختلف علاقوں میں والدین کی جانب سے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ موسم میں تبدیلی اور صبح کے اوقات میں سردی کے باعث طلبہ کو اسکول پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔تاہم محکمہ اسکول ایجوکیشن نے فی الحال موجودہ اوقات کار برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق موسمی حالات اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لینے کے بعد ضرورت پڑنے پر مستقبل میں اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی پر غور کیا جا سکتا ہے۔