اودھم پور میں فائر مین 15 ہزار روپے رشوت لیتے گرفتار

فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز این او سی جاری کرنے کے عوض رشوت کا الزام

سرینگر/ یو این ایس / مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے منگل کے روز اودھم پور میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ماتحت تعینات ایک فائر مین کو مبینہ طور پر 15 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔سی بی آئی کے مطابق ملزم نے کٹرا میں ایک ہوٹل کے لیے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی این او سی پر کارروائی اور اسے جاری کرنے کے عوض شکایت کنندہ سے 40 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا تھا۔ شکایت کے بعد رقم کے معاملے پر بات چیت ہوئی اور ملزم 15 ہزار روپے رشوت لینے پر رضامند ہوگیا۔ایجنسی نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد 6 اکتوبر کو مقدمہ درج کیا گیا اور اسی روز ملزم کو پکڑنے کے لیے جال بچھایا گیا۔ سی بی آئی کی کارروائی کے دوران ملزم کو شکایت کنندہ سے مبینہ طور پر 15 ہزار روپے رشوت طلب کرتے اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔سی بی آئی نے کہا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔