این اے سی ایم کے وفدکی سپیکر جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی سے ملاقات

این اے سی ایم کے وفدکی سپیکر جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی سے ملاقات

ایف آر اے ۔2006 کی عمل آوری کیلئے مداخلت کی درخواست کی

سری نگر//نیشنل الائنس آن کمیونٹی فارسٹ ریسورسز اینڈ مائنر فارسٹ پروڈیوس (این اے سی ایم) کے ایک وفد نے جموں و کشمیر کلائمیٹ ایکشن گروپ کے ارکان کے ہمراہ آج سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبد الرحیم راتھر سے ملاقات کی۔ وفد نے ایک یادداشت پیش کی جس میں جموں و کشمیر یونین ٹریٹری میں’ فارسٹ رائٹس ایکٹ 2006 (ایف آر اے 2006) کی مؤثر عمل آوری کے لئے سپیکر سے مداخلت کی درخواست کی گئی۔مہاراشٹر، ہماچل پردیش، اوڑیسہ،جہارکھنڈ، مدھیہ پردیش اور جموں و کشمیر کے نمائندگان پر مشتمل وفد نے سپیکر کو یونین ٹریٹری میں فارسٹ رائٹس ایکٹ کی عمل آوری سے متعلق مختلف مسائل اور خدشات سے آگاہ کیا۔وفد کے اراکین نے سپیکر سے اس معاملے میں مداخلت کرنے اور ایف آر اے 2006 کی مؤثر عمل آوری کے لئے ضروری اقدامات کی سہولیت فراہم کرنے کی اپیل کی۔ اُنہوں نے کہا کہ جن ریاستوں میں یہ قانون نافذ کیا گیا ہے وہاں اس نے دیہی معاش کو بہتر بنانے میں اہم کردار اَدا کیا ہے۔وفد نے سپیکرموصوف کو جنگلات کے وسائل پر انحصار کرنے والی کمیونٹیوں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا اور اور مناسب غور و خوض اور حل کے لئے متعلقہ حکام کے سامنے یہ معاملہ اُٹھانے میں ان کی حمایت طلب کی۔سپیکر نے وفد کے اراکین کو یقین دِلایا کہ وہ اس معاملے کو متعلقہ حکام تک لے جائیں گے اور ان کے اُٹھائے گئے مسائل کے حل کے لئے مناسب مداخلت کریں گے۔ اُنہوں نے وفد کو یقین دِلایا کہ ان کے خدشات متعلقہ محکموں تک پہنچائے جائیں گے تاکہ انہیں متعلقہ قوانین اور فریم ورک کے مطابق مناسب غور و خوض کے لئے پیش کیا جا سکے۔