kashmir tourism

سیاح زائد رقم وصولی اور ہراسانی کی شکایات فوری درج کرائیں

بارہمولہ پولیس کی سیاحوں سے فوری رابطے کا مشورہ دیا

سرینگر/ / یو این ایس / شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں پولیس نے اتوار کو سیاحوں اور دیگر زائرین کےلئے ایک اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں زائد رقم وصولی، ہراسانی اور دیگر غیر قانونی یا غیر مناسب طریقوں کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔ پولیس نے خاص طور پرٹنگمرگ، کنزر اور گلمرگ کے علاقوں میں سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔پولیس کے مطابق سیاحوں کو بعض اوقات تانگمرگ، کنزر یا گلمرگ میں یہ کہہ کر اپنی گاڑی تبدیل کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے کہ ان علاقوں میں صرف مقامی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہے۔ پولیس نے واضح کیا کہ اگر کسی سیاح کو اپنی ذاتی گاڑی میں گلمرگ کی جانب سفر کرنے سے روکا جاتا ہے یا گاڑی تبدیل کرنے کے لیے دباو ¿ ڈالا جاتا ہے تو وہ فوری طور پر پولیس کو اس کی اطلاع دے۔پولیس نے سیاحوں سے کہا ہے کہ اگر کسی ہوٹل، ٹرانسپورٹ آپریٹر، دکاندار یا کسی دوسرے سروس فراہم کنندہ کی جانب سے مقررہ رقم سے زیادہ وصول کی جائے یا کسی بھی طرح کی ہراسانی کا سامنا ہو تو اس معاملے کو نظرانداز نہ کیا جائے بلکہ فوری طور پر متعلقہ پولیس حکام سے رابطہ کیا جائے۔پولیس نے سیاحوں کی سہولت کے لیے مختلف رابطہ نمبرز بھی جاری کیے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ایمرجنسی رسپانس سپورٹ سسٹم 112 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس کنٹرول روم بارہمولہ سے 9596767768، ایس ڈی پی او تانگمرگ سے 9596767705، ایس ایچ او گلمرگ سے 9596767715، ایس ایچ او تانگمرگ سے 9596767713 اور ایس ایچ او کنزر سے 9596767714 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔پولیس نے کہا ہے کہ سیاحوں کی حفاظت اور انہیں بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ترجیح ہے اور کسی بھی قسم کی بدسلوکی یا غیر قانونی وصولی کی شکایت پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔