نوجوانوں کی کاروباری سرگرمیوں پر مزید توجہ دینے پرزور
اننت ناگ// وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج،اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈارنے مٹن مین چوک میں نئے ’بریستا ہائبرڈ کیفے‘ کا اِفتتاح کیاجو مقامی تجارتی اور میزبانی کے منظرنامے میں ایک اہم اِضافہ ہے۔اِس موقعہ پراراکین اسمبلی ریاض احمد خان، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ظفر علی کھٹانہ اور دیگر ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔وزیر موصوف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں سیاحوں اور آنے والے لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد مہمان نوازی اور خدمات کے شعبوں بالخصوص نوجوان کاروباری اَفراد کے لئے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اُبھرتے ہوئے مقامات پر برانڈڈ آؤٹ لیٹس کا قیام مقامی روزگار میں معاون ثابت ہو سکتا ہے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے سکتا ہے۔اُنہوںنے کہا کہ حکومت مختلف سکیموں جن میں پی ایم ایف ایم اِی، مشن یووا اور دیگر یوٹی سطح کے اقدامات شامل ہیں، کے ذریعے مہمان نوازی اور اس سے منسلک شعبوں میں نوجوانوں کی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے۔ اِس کے علاوہ محکمہ زرعی پیداوار کے مختلف پروگراموں کے ذریعے بھی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان مواقع سے فائدہ اُٹھائیں اور مقامی ضروریات اور اُبھرتی ہوئی مارکیٹوں کے مطابق قابلِ عمل کاروباری منصوبوں کی تلاش کریں۔وزیر زرعی پیداوار جاوید احمد ڈار نے ’بریستا ہائبرڈ کیفے ‘کی اِنتظامیہ کو مُبارک باد دِی اور مٹن میں یہ آئوٹ لیٹ قائمکرنے کے اقدام کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس طرح کی سرمایہ کاری مزید نوجوانوں کو کاروبار کی جانب راغب کرنے اور مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں حوصلہ اَفزائی کر سکتی ہے۔










