سری نگر// وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے 2 ؍اکتوبر کو منائی جانے والی گاندھی جینتی کے موقعہ پر جموں و کشمیر کے لوگوں کو مُبارک باد پیش کی ہے۔اُنہوں نے مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سچائی، عدم تشدد، امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا ان کا لازوال پیغام آج بھی نسلوں کو متاثر کرتارہا ہے اور آج کی دُنیا میں بھی اس کی اہمیت برقرار ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا، ’’گاندھی جی نے دُنیا کو سچائی، عدم تشدد اور ہمدردی کی طاقت دکھائی۔ ان کی زندگی اور نظریات آج بھی ہمیں امن، ہم آہنگی، مساوات اور اِنسانی وقار کے لئے کام کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ گاندھی جی کا ہندوستان کے بارے میں تصور اتحاد، رواداری اور سب کے احترام پر مبنی تھا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اُن کی تعلیمات ایک پُرامن اور جامع معاشرے کی تعمیر کے لئے آج بھی رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ مہاتما گاندھی کی زندگی سے تحریک حاصل کریں اور امن، ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کی اَقدار کے لئے اپنے عزم کی تجدید کریں۔










