سرینگر/ یو این ایس / کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اکنامک آفنسز ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے مبینہ دھوکہ دہی، جعلسازی اور اراضی سے متعلق فراڈ کے پانچ مقدمات میں کئی برسوں سے مفرور ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ای او ڈبلیو کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت سوم ناتھ کول ولد کیلاش ناتھ کول کے طور پر ہوئی ہے، جو 22، لوٹس ٹاور، بنگلور نارتھ، کرناٹک کا رہنے والا ہے اور اس وقت جانی پورہ، جموں میں مقیم ہے۔ ملزم کو سری نگر کے سب جج کی جانب سے جاری احکامات کی تعمیل میں گرفتار کیا گیا۔ایجنسی نے بتایا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس نے مسلسل کوششوں اور قانونی طریقہ کار کے تحت ملزم کا سراغ لگایا۔ ملزم کی تلاش کے لیے پہلے ہی متعدد مرتبہ اشتہارات اور ہ ±و اینڈ کرائی نوٹس بھی جاری اور شائع کیے گئے تھے۔ای او ڈبلیو کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر اراضی کے لین دین کے دوران مختلف نام اور شناختیں استعمال کیں، جن میں سوم ناتھ کول، برج ناتھ بھٹ، موہن لال دھر اور ہادی ناتھ دھر شامل ہیں۔ملزم کے خلاف درج پانچ مقدمات میں مبینہ دھوکہ دہی، جعلسازی اور نقل مکانی کرنے والے افراد کی جائیدادوں سے متعلق فراڈ کے الزامات شامل ہیں۔ ایجنسی کے مطابق مبینہ طور پر جعلی مختارناموں اور فروخت کے معاہدوں کے ذریعے اراضی کے لین دین کیے گئے۔ ایک مقدمے میں ملزم کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 512 کے تحت اس کی غیر موجودگی میں چارج شیٹ بھی داخل کی جا چکی ہے۔تحقیقات کے دوران الزام عائد کیا گیا ہے کہ سوم ناتھ کول نے مختلف شناختوں کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو اراضی خریدنے پر آمادہ کیا اور اراضی کے سودوں میں انہیں مبینہ طور پر دھوکہ دیا۔ ای او ڈبلیو کے مطابق مبینہ فراڈ میں کروڑوں روپے کی رقم شامل ہے اور یہ کارروائیاں دیگر ملزمان کے ساتھ مبینہ ملی بھگت سے انجام دی گئیں۔ای او ڈبلیو نے مزید بتایا کہ اسی معاملے میں غلام محی الدین ڈار ولد عبد الخالق ڈار، ساکن جوا لپورہ، سمسون، بڈگام کو بھی گزشتہ ہفتے گرفتار کیا گیا تھا۔ ایجنسی کے مطابق اس کے بھی مبینہ طور پر اسی کیس میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ای او ڈبلیو کے مطابق سوم ناتھ کول عرف برج ناتھ بھٹ، ہادی ناتھ دھر اور موہن لال دھر کی گرفتاری معاملے کی جاری تحقیقات کا حصہ ہے۔ مزید تحقیقات کے ذریعے مبینہ مالی فراڈ کی مکمل تفصیلات، متعلقہ اراضی کے لین دین اور دیگر ممکنہ طور پر ملوث افراد کے کردار کا تعین کیا جا رہا ہے۔ای او ڈبلیو نے عوام سے اقتصادی دھوکہ دہی کے معاملات میں محتاط رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مشتبہ مالی فراڈ کی شکایت ایس ایس پی ای او ڈبلیو سری نگر، کرائم برانچ جموں و کشمیر کے دفتر میں درج کرائی جا سکتی ہے۔










