یورپ میں شدید گرمی : اسکول بند، ٹرین خدمات متاثر

یورپ میں شدید گرمی : اسکول بند، ٹرین خدمات متاثر

بروسلز /ایجنسیز// یورپ کے بیشتر ممالک میں پیر کے روز شدید گرمی کی لہر کے مزید شدت اختیار کر جانے کا امکان ہے۔ حکومتیں اس سے نمٹنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جبکہ کئی ممالک نے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ فرانس میں گزشتہ ویک اینڈ پر گرمی کے باعث انسانی اموات رپورٹ ہوئیں۔ ماہرین نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ حالیہ ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر میں انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کا نمایاں کردار ہے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق ملک کے 96 ڈیپارٹمنٹس میں سے 49 کو انتہائی خطرناک موسمی صورتحال کے باعث ریڈ الرٹ پر رکھا گیا ہے، جبکہ اختتام ہفتہ پر یہ تعداد 35 تھی۔ شدید گرمی کے پیش نظر حکام نے پیر کے روز 845 اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا، جبکہ مزید 1,800 اسکولوں میں طلبہ کو معمول سے پہلے چھٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اتوار کے روز فرانس کے متعدد شہروں میں سالانہ موسیقی میلے بھی منسوخ کر دیے گئے، جبکہ حکومت نے ریڈ الرٹ والے علاقوں میں صحت عامہ اور امن و امان کے پیش نظر عوامی مقامات پر شراب نوشی پر پابندی بھی عائد کر دی ہے۔ فرانس کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، جو جون کے مہینے کے لیے غیر معمولی حد تک زیادہ سمجھا جاتا ہے۔ جنوب مغربی فرانس کے علاقہ جیروند میں مقامی حکام نے بتایا کہ 80 سے 95 سال کی عمر کے تین افراد کی ہلاکت میں شدید گرمی بھی ایک اہم وجہ رہی۔