وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے پہلگام کے المناک سڑک حادثے پر دُکھ کا اِظہار کیا

سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پہلگام میں پیش آئے المناک سڑک حادثے پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے جس میں دو اَفراد جاں بحق جبکہ چھ دیگر زخمی ہو گئے۔وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اِظہار کرتے ہوئے مرحومین کی اَرواح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی۔ اُنہوں نے سوگوار کنبوں کے لئے صبر جمیل اور اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت کے لئے بھی دُعا کی۔وزیر اعلیٰ نے زخمیوں پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دِی کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے انہیں بہترین ممکنہ طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے اِنتظامیہ کو متاثرہ کنبوں کو تمام ضروری مدد اور تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایت دِی۔