سوپور میں سڑک حادثہ، تین سالہ معصوم جاں بحق

کولگام میں غیر مقامی شخص پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا

سرینگر//یو این ایس//شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں ایک افسوسناک سڑک حادثے میں تین سالہ معصوم بچہ جاں بحق ہوگیا، جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع کْلگام میں ایک غیر مقامی شخص پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔ دونوں واقعات کے سلسلے میں پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق سوپور کے گنڈ براتھ علاقے میں جمعرات کو ایک کمسن بچہ مبینہ طور ایک گاڑی کی زد میں آ گیا۔ حادثے کے فوراً بعد بچے کو علاج کے لیے سب ضلع اسپتال سوپور منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے اسپتال پہنچنے پر مردہ قرار دیا۔جاں بحق بچے کی شناخت محمد زین کے طور پر ہوئی ہے، جو عامر حسین تانترے کا تین سالہ بیٹا اور گنڈ براتھ سوپور کا رہائشی تھا۔یو این ایس کے مطابق پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن سوپور میں ایف آئی آر نمبر 109 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع کْلگام کے قیموہ تھانہ حدود کے سبھن پورہ علاقے میں جمعرات کی صبح ایک غیر مقامی شخص کی لاش پراسرار حالت میں برآمد ہوئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں نے لاش دیکھنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو قانونی و طبی کارروائیوں کے لیے منتقل کیا گیا۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک متوفی کی شناخت اور موت کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی تھی۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ موت کے اسباب اور دیگر حقائق کا پتہ چلایا جا سکے۔