kamala-haris

کملاہیریس نے انتخابی میدان میں اترنے کا اشارہ دیدیا

واشنگٹن/ایجنسیز//سابق امریکی نائب صدر کملاہیریس نے 2028 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا عندیہ دے کر امریکی سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق انہوں نے نیشنل ایکشن نیٹ ورک کی ایک تقریب کے دوران اپنے مستقبل کے سیاسی عزائم کا کھل کر اظہار کیا ہے۔ کملاہیریس نے کہا کہ وہ 2028 کے صدارتی مقابلہ میں شامل ہونے کے امکان پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہیں۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر مستقبل کے صدارتی امیدوار کے حوالے سے کوئی حتمی نام تاحال سامنے نہیں آ سکا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق کملاہیریس نے اپنی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے پارٹی کے اندر اپنا اثر و رسوخ بڑھانے اور فنڈ ریزنگ کے عمل کو تیز کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے تاکہ مضبوط بنیادوں پر اپنی مہم کا آغاز کیا جا سکے۔ ستقبل کی انتخابی مہم کو دیکھتے ہوئے کملاہیریس اپنے پرانے سیاسی نیٹ ورکس کو دوبارہ متحرک کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ انتخابی عمل میں شمولیت کے حوالے سے غور و فکر کر رہی ہیں، جو کہ ان کی طویل المدتی سیاسی منصوبہ بندی کا ایک اہم حصہ معلوم ہوتا ہے۔ اگرچہ کملاہیریس نے ابھی تک باضابطہ طور پر اپنی امیدواری کا اعلان نہیں کیا ہے، تاہم ان کے حالیہ اقدامات اور بیانات سے واضح ہے کہ وہ صدارتی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ پیشرفت ڈیموکریٹک پارٹی کے مستقبل کے روڈ میاپ کے لیے انتہائی اہم سمجھی جا رہی ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے تاحال کسی بھی امیدوار کے نام پر مہر تصدیق ثبت نہیں کی گئی ہے۔ پارٹی حلقوں میں اب اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ آیا کملاہیریس کی یہ تیاری انہیں آئندہ انتخابات میں مضبوط ترین امیدوار کے طور پر پیش کر سکے گی۔ واضح رہے کہ امریکی سیاسی منظرنامہ میں صدارتی انتخابات سے برسوں قبل تیاریوں کا آغاز ایک روایتی عمل رہا ہے۔