ستیش شرما نے چوکی چورا میں عوامی رَسائی پروگرام منعقد کیا

ستیش شرما نے چوکی چورا میں عوامی رَسائی پروگرام منعقد کیا

ترقیاتی کاموں اور عوامی خدمات کا جائزہ لیا

جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ، سائنس و ٹیکنالوجی اور اے آر آئی اینڈ ٹریننگز محکمہ جات ستیش شرما نے آج عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے عوام دوست اور شراکتی طرزِ حکمرانی کے عزم کے تحت بلاک چوکھی چورا میں ایک وسیع عوامی رسائی پروگرام منعقد کیا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف کے ہمراہ مختلف محکوموںکے متعلقہ سیکٹورل اَفسران بھی تھے۔اِس دورے کا مقصد ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینا، فلاحی سکیموں کی عمل آوری کا معائینہ کرنا اور نچلی سطح پر عوام سے روبرو بات چیت کرنا تھا۔ستیش شرما نے دیو ستھان پدون پنچایت گھر، چوکی چورا میں ایک عوامی میٹنگ منعقد کیا جہاں بڑی تعداد میں مقامی باشندوں، پنچایت نمائندوں اور نوجوانوں نے خوراک کی فراہمی، ٹرانسپورٹ سہولیات، آئی ٹی سے مربوط خدمات، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے، سائنسی بیداری اور دیگر ترقیاتی ضروریات سے متعلق مسائل اُٹھائے۔ وزیر نے تمام شکایات کو بغور سُنا اور عوام کو یقین دِلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے جھنگ اور ساندلے پنچایت مجور، بلاک چوکی چورا کا بھی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاںایک اور عوامی میٹنگ کی صدارت کی۔ اُنہوں نے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، ٹرانسپورٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس و ٹیکنالوجی، امورِ نوجوان و کھیل کود اور اے آر آئی اینڈ ٹریننگز سمیت مختلف محکموں کی کارکردگی اور علاقے میں جاری و مجوزہ ترقیاتی کاموں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیر موصوف نے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے انجام دئیے گئے ترقیاتی کاموں پر عوامی رائے حاصل کی۔لوگوں نے مجموعی طور پر موجودہ حکومت کی کارکردگی کو سراہا اور اسے ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ایک تاریخی اقدام قرار دیا۔اُنہوں نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شفاف، جوابدہ اور ذمہ دار انتظامیہ کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے اور ترقی کے عمل میں کوئی بھی علاقہ بالخصوص دیہی اور سرحدی خطے نظرانداز نہیں کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری سکیموں کے فوائد بغیر کسی تاخیر کے ہر اہل کنبہ تک پہنچنے چاہئیں۔وزیر ستیش شرما نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے کھیلوں، ٹیکنالوجی، اِختراعات اور ہنرمندی کی ترقی پر حکومت کی توجہ کو بھی اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے، ڈیجیٹل گورننس اور سائنسی اداروں میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔اُنہوں نے اپنے ساتھ سیکٹورل اَفسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لوگوںکی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل کا فوری جائزہ لیا جائے اور ان کے بروقت حل کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے افسران کو مقامی نمائندوں سے باقاعدہ رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت دی تاکہ مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔وزیر موصوف نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے ہمہ گیر ترقی اور عوام دوست حکمرانی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان رشتہ مضبوط بنانے اور ترقیاتی اقدامات کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے ایسے عوامی رَسائی پروگرام پورے جموںوکشمیر یوٹی میں جاری رہیں گے۔