بجلی کی فوری ادائیگی اور لوڈ مینجمنٹ کو یقینی بنایا جائے گا// حکومت
سرینگر// یو این ایس / جموں و کشمیر حکومت نے تمام سرکاری دفاتر، ادارے، مقامی ادارے اور رہائشی کالونیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ری ویمپڈ ڈسٹری بیوشن سیکٹر اسکیم کے تحت پری پیڈ اسمارٹ بجلی میٹر نصب کریں، جیسا کہ محکمہ مالیات کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے۔ حکم میں کہا گیا کہ بجلی کے بل بروقت ادا کرنا پاور یوٹیلٹیز کی مالی استحکام کے لیے ضروری ہے، تاکہ مسلسل اور قابل اعتماد بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور سپلائی کے اوسط لاگت اور وصول شدہ آمدنی کے درمیان فرق کم کیا جا سکے۔سرکلر کے مطابق، اس عمل کو محکمہ بجلی کی تقسیم کمپنیوں کے ذریعے ’آر ڈی ایس ایس‘کے تحت نافذ کیا جا رہا ہے تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور مجموعی تکنیکی و تجارتی نقصانات کو کم کیا جا سکے۔ یہ مہم پہلے ہی گھریلو، صنعتی اور تجارتی صارفین کے لیے جاری ہے اور اب حکومت نے تمام سرکاری اداروں کو بھی اس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تمام محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ’جے پی ڈی سی ایل‘اور ’کے پی ڈی سی ایل‘کے ساتھ ہم آہنگی کرتے ہوئے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کو سرکاری ضوابط کے مطابق مکمل کریں۔ محکمہ مالیات نے محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے زیر انتظام عمارتوں میں تنصیب کے عمل کو تیز کریں اور بجلی کے بلوں کے لیے مناسب بجٹ کی پیشکش کریں۔ اگر اضافی مالی معاونت کی ضرورت ہو تو اسے الگ سے پیش کیا جائے۔یہ ہدایات ڈائریکٹر جنرل (بجٹ)، محکمہ مالیات کی جانب سے جاری کی گئی ہیں اور تمام سینئر انتظامی سربراہان، محکموں، سرکاری اداروں اور خود مختار اداروں کو عمل درآمد کے لیے بھیجی گئی ہیں۔










