ڈائریکٹر اسٹیٹس نے سری نگر میں دفتر اور رہائشی سہولیات کا تفصیلی معائینہ کیا

ڈائریکٹر اسٹیٹس نے سری نگر میں دفتر اور رہائشی سہولیات کا تفصیلی معائینہ کیا

سول سیکرٹریٹ ، اسمبلی کمپلیکس اور سرکاری رہائشی کالونیوں میں جاری کاموں کا موقعہ پر جائزہ لیا

سری نگر// ڈائریکٹر اسٹیٹس کشمیر اَشونی کھجوریہ نے سری نگر کے مختلف مقامات پر دفتری اور رہائشی سہولیات اور متعلقہ اِنتظامات کا تفصیلی معائینہ کیا اور جائزہ لیا جن میں سول سیکرٹریٹ، اسمبلی کمپلیکس، اولڈ سیکرٹریٹ کمپلیکس اور تلسی باغ و جواہر نگر کے رہائشی کوارٹرز شامل ہیں۔ معائینے کے دوران ڈائریکٹر موصوف کے ہمراہ محکمہ کے سینئر اَفسران بشمول ایف اے،سی اے او، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹس، ڈپٹی ڈائریکٹر (پی) اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹس کے علاوہ دیگر اَفسران بھی تھے۔ڈائریکٹرموصوف نے سول سیکر ٹریٹ سری نگر میںمختلف بلاکوںکا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تزئین و آرائش، اَپ گریڈیشن، صفائی،فیومیگیشن و سینی ٹیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران اور عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ تمام کام مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں تاکہ اَفسران اور ملازمین کو دفتری رہائش اور متعلقہ سہولیات کے حوالے سے کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوںنے مختلف دفاتر کا معائینہ کیا، کاموں کی رفتار اور معیار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کے لئے تمام سہولیات فعال، صاف ستھری اور ملازم دوست حالت میں برقرار رکھی جائیں۔ڈائریکٹر نے سیکرٹریٹ احاطے میں تعمیر کئے جانے والے مجوزہ اضافی بلاک کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور متعلقہ عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ مجوزہ عمارت کی تفصیلی منصوبہ رپورٹ (ڈی پی آر) جلد از جلد پیش کی جائے تاکہ دفتر کی رہائش کو بڑھانے کے لئے نئے بلاک پر جلد از جلد کام شروع کیا جا سکے۔دورے کے دوران ڈائریکٹر موصوف نے افسران کے ساتھ ایک جامع میٹنگ بھی منعقد کی اور محکمہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی تمام دفتری اور رہائشی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے مختلف شعبوں کی طرف سے پیش کردہ مسائل اور ضروریات کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے اسمبلی کمپلیکس اور اولڈ سیکرٹریٹ کمپلیکس کا بھی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں تمام دفتری سہولیات کا جائزہ لیا اور ان کی مناسب دیکھ ریکھ، بروقت مرمت اور سرکاری کام کاج کے بہتر مفاد میں زیادہ سے زیادہ اِستعمال کی ہدایات جاری کیں۔اِسی دوران ڈائریکٹر نے تُلسی باغ اور جواہر نگر میں واقع رہائشی مکانات کا بھی تفصیلی معائینہ کیا اور اُنہوں نے وہاںجاری مرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیا اور سہولیات کی حالت اور دیکھ ریکھ کی سرگرمیوں کی پیش رفت کا اندازہ لگانے کے لئے مختلف کوارٹروں کا ذاتی طور پر معائینہ کیا۔اُنہوں نے فیلڈ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اُن تمام مقامات پر جاری تزئین و آرائش اور صفائی ستھرائی کے کاموں کی قریبی نگرانی کریں اور کسی بھی رُکاوٹ کو فوری طور پر دور کریں۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ افسران، ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لئے صاف، محفوظ اور سازگار ماحول یقینی بنایا جائے۔