عام لوگوں ،تاجروں اوربکروالوںنے کیاخوشی اوراطمینان کااظہار
سری نگر//وادی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والی 86کلو میٹر طویل تاریخی مغل شاہراہ کو تقریباً4 ماہ بعد بدھ کے روز ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے کھول دیا گیا ہے۔بتادیں کہ اس تاریخی روڈ جس کو متبادل شاہراہ سمجھا جاتا ہے، کو بھاری برف باری کے بعدگزشتہ برس 23دسمبر کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔جے کے این ایس کے مطابق حکام نے بدھ کے روز میڈیا کو بتایا کہ تاریخی مغل روڑکو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ پہلے روز تقریباً 3درجن سے زیادہ چھوٹی مسافر و مال برداروں کو پونچھ سے کشمیر وادی کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ہے۔میکانکل انجینئرنگ محکمے نے بتایا کہ گرچہ مغل روڈ پر گذشتہ ماہ شروع ہونے والابرف ہٹانے کا کام2ہفتے قبل ہی مکمل ہوچکا ہے لیکن ٹریفک کی نقل وحمل کو ابھی اجازت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب کشمیرکوخطہ پیرپنچال کے دواہم اضلاع سے ملانے والے مغل روڈ کو بدھ سے ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے کھول دینے کا فیصلہ لیا گیا ہے اور چھوٹی گاڑیوں کو پونچھ سے وادی جانے کی اجازت دی گئی ہے۔اُدھر پونچھ اورراجوری کے علاوہ شوپیاں ضلع کے عام لوگوں ،تاجروں اوربکروالوںنے بھی مغل روڑ کھلنے پرخوشی اوراطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اب نقل وحمل میں کافی آسانی ہوگی ۔دریں اثنا صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر راگو لنگرنے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ ٹریفک کی طرف سے وقت وقت پر جاری کی جانے والی ٹریفک ایڈوائزریز پر عمل کریں تاکہ اس سڑک پر ٹریفک کی نقل و حمل کو یقینی بنایا جا سکے۔










