وزیر اعلیٰ نے ٹیولپ شو ، بادام واری سپرنگ فیسٹول کے دوران منعقدہ انسٹا ریل ، فوٹو گرافی او ر
سری نگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹیولپ شو اور بادام واری سپرنگ فیسٹول کے دوران منعقد کئے گئے مختلف مقابلوں کے 12 فاتحین کو ان کی تخلیقی صلاحیتوں، فنکارانہ صلاحیتوں اور جموں و کشمیر کے مشہور موسم بہار کے باغات اور پھولوں کی آبیاری کو فروغ دینے میں ڈیجیٹل میڈیا کے اِختراعی استعمال کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں نوازا۔وزیراعلیٰ نے جیتنے والوںجن میں بالخصوص سرکاری سکولوں کے طلبأ کی ایک بڑی تعداد شامل تھی، کو یہاں منعقدہ ایک پُر وقارتقریب میں وزیراعلیٰ کے ہاتھوں نقد انعامات اور شرکت کے سر ٹیفکیٹ پیش کئے۔ایوارڈز میں تین زمروں’ مصوری ، اِنسٹاگرام ریلز اورفوٹو گرافی‘ کا احاطہ کیا گیا جن میں ہر زُمرے میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعامات دئیے گئے۔مصوری مقابلوں میں ٹیولپ فیسٹول 2026 کے تحت فرحان علی بٹ، صالحہ تنویر اور روضہ فیاض نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ بادام واری آلمنڈ فیسٹول 2026 کے مصوری مقابلے میں احمرین بشیر، میر مریم ظفر اور حنظلہ شفیق نے بالترتیب پہلی تین پوزیشنیں حاصل کیں۔ٹیولپ شو 2026کے سلسلے میں منعقدہ اِنسٹاگرام ریل مقابلے میں سلمان احمد وانی، شازیب اِقبال اور آیوش آنند نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فوٹوگرافی مقابلے میں عمیر وانی، صبا ریشی اور شرافت خان نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔اِس موقعہ پر وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان مقابلوں کا مقصد صرف طلبأ اور نوجوانوں میں فنکارانہ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا نہیں بلکہ جدید پلیٹ فارموں کے ذریعے جموں و کشمیر کے اہم پھولوں سے متعلق سیاحتی مقامات کی جانب عوام کی زیادہ سے زیادہ توجہ مبذول کرنا بھی ہے۔اُنہوں نے سالانہ فلوری کلچر کیلنڈر میں شامل اہم پھولوں کی تقریبات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بادام واری، ٹیولپ گارڈن اور حال ہی میں شامل کئے گئے کرسنتھیمم فیسٹول میںلوگوں کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مصوری، فوٹوگرافی اور سوشل میڈیا مواد کی تخلیق کے مقابلوں کے ذریعے ان تقریبات کو مزید تشہیر اور عوامی توجہ حاصل ہوتی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان مقابلوں نے روایتی فنکارانہ اظہار اور جدید ٹیکنالوجی دونوں کو اُجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا۔ اُنہوںنے مختلف سکولوں کے طلبأ کو آج انعامات جیتنے پر مُبارک باد دِی اور اُمید ظاہر کی کہ اگلے سال مزید طالب علم ان مقابلوں میں حصہ لیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ جہاں مصوری کے مقابلے نوجوان فنکاروں کو باغات کی خوبصورتی کو کینواس پر اُجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں، وہیں فوٹوگرافی اور اِنسٹاگرام ریل مقابلے سوشل میڈیا کے ذریعے ان مقامات کو وسیع تر عوام تک پہنچانے میں مدد دیتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے اِس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے اقدامات تخلیقی صلاحیتوں، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے فروغ کو یکجا کرنے میں مدد کرتے ہیںجبکہ نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھاتے ہیں اور جموں و کشمیر کے مخصوص پھولوں کی کشش کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کرتے ہیں۔بعد میں وزیراعلیٰ نے ایوارڈ یافتہ پینٹنگز کا بھی معائینہ کیا اور شرکأکی جانب سے پیش کی گئی تصاویر اور اِنسٹاگرام ریلز دیکھیں۔ اُنہوں نے ان تخلیقات میں نمایاں تخلیقی صلاحیتوں اور فنکارانہ ہنر کو سراہا۔اِس موقعہ پر وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، کمشنر سیکرٹری فلوری کلچر، پارکس اینڈ گارڈنز زُبیر احمد، ڈائریکٹر فلوری کلچر کشمیر مطہورہ معصوم، محکمہ فلوری کلچر کے اَفسران و ملازمین، ایوارڈ یافتہ، شرکأ اور میڈیا نمائندگان موجود تھے۔










