سری نگر// وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ’رابطہ ‘میں متعدد عوامی نمائندوں، وفود اور اَفراد سے ملاقات کی اور مختلف علاقوں اور شعبوں سے متعلق متعدد مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ممبر اسمبلی حلقہ اندروال پیارے لال شرما اور رُکن اسمبلی اَکھنور سے موہن لال نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور اُنہیںاَپنے اَپنے حلقوںسے متعلق مختلف ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اُٹھائے گئے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ان پر مناسب غور و خوض کی یقین دہانی کی۔وزیراعلیٰ نے کمشنر سیکرٹری اطلاعات آر ایلس ویز سے بھی ملاقات کی جنہوں نے ستمبر میں منعقد ہونے والے جموں و کشمیر کے پہلے بین الاقوامی فلم فیسٹول کے اِنعقاد کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت سے انہیں آگاہ کیا۔ایچ ڈِی ایف سی لیف کے ایک وفد جس میں منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹیو آفیسر وبھا پاڈالکر، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ونیت اروڑہ اور چیف بینکا ایشورنس آفیسر لو نیش گپتا شامل تھے، نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات جموں و کشمیر بھر میں ایچ ڈِی ایف سی لائف کے آپریشنز کو وسعت دینے کے لئے اَقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔










