TRAFFIC

3مارچ تک سری نگر جموں قومی شاہراہ اور پہاڑی راستوں پر ٹریفک کی نقل وحمل میں ممکنہ خلل

خطرناک علاقوں میں مٹی کے تودے اور پتھروچٹانیں گرآنے کااندیشہ ،لوگ احتیاط کریں:محکمہ موسمیات

سری نگر//پیرکو چمکتی دھوپ کے بعد منگل کوصبح سے مطلع ابرآلودرہنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے منگل کی شب سے2مارچ تک جموں وکشمیرمیں بیشترمیدانی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارشوں اوربالائی مقامات پر برف باری کاامکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات نے ایک بیان میں لوگوں سے گزارش کی کہ وہ سری نگر جموں قومی شاہراہ ،سنتھن پاس،سادھنا ٹاپ اور دیگر پہاڑی سڑکوں پر منگل کی رات سے3 مارچ تک سفر نہ کریں ،کیونکہ اس دوران شدید بارش اوربرف باری کے امکانات ہیں جو کہ خطرناک علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پتھروچٹانیں گرآنے کا سبب بن سکتے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں یکم اور 2 مارچ کو میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے کہاکہ جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے اعتدال پسند برفباری وبارش (جموں کے خطہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش) متوقع ہے جس کی مرکزی سرگرمی 28 فروری (شام) سے 2 مارچ تک ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمی صورتحال ابتررہنے کے باعث یکم اور 2 مارچ کے دوران سرینگر جموں قومی شاہراہ، سنتھن ٹاپ، سادھنا ٹاپ وغیرہ جیسے اہم گزرگاہوں پر ٹریفک کی نقل و حمل کو متاثر ہوسکتی ہے،اسلئے لوگ سری نگر جموں قومی شاہراہ ،سنتھن پاس،سادھنا ٹاپ اور دیگر پہاڑی سڑکوں پر منگل کی رات سے3 مارچ تک سفر نہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 3 مارچ سے7 مارچ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت کے بارے میں کہاکہ سری نگر میں پیر اور منگل کی درمیانی رات کم سے کم پارہ4.0 ڈگری سینٹی گریڈ،قاضی گنڈمیں1.8، پہلگام میں منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ،کوکرناگ میں3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ، گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور کپواڑہ قصبے میں پارہ 2.8 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا۔