10لاکھ عازمین مناسک حج اداکرنے میں مصروف
مکہ مکرمہ// کورونا کے باعث عائد پابندیوں کی وجہ سے 2 برس کے وقفے کے بعد 10 لاکھ عازمین حج نے رواں برس فریضہ ادا کیا۔ اس سلسلے میں مناسک اب آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ جے کے این ایس کے مطابق حجاج کرام نے 10 ذوالحجہ کو منیٰ میں زوال کے وقت سے پہلے صرف جمرہ عقبیٰ کو کنکریاں ماریں ۔رمی کے بعد حجاج کرام نے قربانی کی تصدیق ہوتے ہی حلق (بال منڈوانا) کر اپنا احرام کھول دئیے۔ اس کے بعد گیارہ اور بارہ ذوالحج کو دیگر دو جمرات یعنی جمرہ اولیٰ اور جمرہ وسطیٰ سمیت تینوں جمروں پر کنکریاں ماری جائیں گی۔احرام کی پابندیوں سے نکلنے کے بعد حجاج کرام کی بڑی تعداد مسجد الحرام میں طواف زیارت کے لیے پہنچنا شروع ہوئی۔ اس سلسلے میں حجاج جہاں بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ پہنچ کر طواف زیارت کررہے ہیں، وہیں بہت بڑی تعداد منیٰ سے پیدل ہی مسجد الحرام کی جانب گامزن ہوئی۔قبل ازیں حجاج نے9 ذوالحج کا دن میدان عرفات میں گزارا، جہاں انہوں نے حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا۔ آج پہلے دن کی رمی، قربانی، حلق اور طواف زیارت کے بعد حجاج 11 اور 12 ذوالحج کو بھی منیٰ میں قیام کریں گے۔ اس دوران وہ تینوں دن کی رمی کریں گے۔










