رام مادھو اور طارق منصور سمیت 13 رہنما قومی نائب صدور مقرر
سرینگر// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پیر کے روز اپنی قومی تنظیم میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے کئی اہم عہدوں پر نئی تقرریوں کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر نتن نابن نے تنظیمی ڈھانچے میں کی گئی ان تمام تقرریوں کی منظوری دے دی ہے، جن کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔بی جے پی کے مرکزی دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پارٹی نے تنظیمی سطح پر 13 قومی نائب صدور مقرر کیے ہیں۔ ان میں راجستھان کی سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے سندھیا، اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ تیرتھ سنگھ راوت، رام مادھو، بیجینت جے پانڈا، ڈی پرندیشوری، ریکھا ورما، ورشا بین نریندر بھائی دوشی، بھارتی پروین پوار، من پریت سنگھ بادل، لال سنگھ آریا، ایم ناگراجا، طارق منصور اور مدھو چندرا کار شامل ہیں۔تنظیمی سطح پر ایک اہم فیصلے کے تحت بی ایل سنتوش کو قومی جنرل سیکریٹری آرگنائزیشن کے عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔ شیو پرکاش اور سودان سنگھ کو قومی جوائنٹ جنرل سیکریٹری آرگنائزیشن مقرر کیا گیا ہے۔پارٹی نے ونے تاؤڑے، سنیل بنسل، بپلَب کمار دیب، اسمرتی ایرانی، ستیش پونیا، گجیندر پٹیل، ہریش دویدی اور سنجے بھاٹیا کو قومی جنرل سیکریٹری مقرر کیا ہے۔قومی سیکریٹریوں کی فہرست میں پردیپ ورما، جگدیش ایشور بھائی پٹیل، سندیپ پاٹھک، فینگ نون کونیاک، کویتا پاٹیدار، کے سریندرن، بھولا سنگھ، سنگیتا یادو، انیل اینٹونی، ایم وینکٹیشَن، منوج ٹیگا، سدھارتھ شمبھو، سوا دیش سنگھ، مرگنکا دیو برمن، روہن گپتا اور جل پرکاش کو شامل کیا گیا ہے۔مالی امور سے متعلق اہم تقرری کے تحت مرکزی وزیر پیوش گوئل کو پارٹی کا قومی خزانچی مقرر کیا گیا ہے، جبکہ راجیش منگل کو قومی جوائنٹ خزانچی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔پارٹی نے مرکزی دفتر سے متعلق ذمہ داریوں میں بھی تبدیلیاں کی ہیں۔ ترون چگھ کو مرکزی دفتر کا انچارج مقرر کیا گیا ہے، جبکہ مہندر پانڈے مرکزی دفتر کے سیکریٹری کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔شمال مشرقی ریاستوں میں تنظیمی رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سمبت پاترا کو نارتھ ایسٹ کوآرڈینیٹر اور راجیو ببر کو جوائنٹ کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ وشنو دت شرما کو تمام سیلز کا کوآرڈینیٹر بنایا گیا ہے، جبکہ رِتْراج سنہا اور وشنو وردھن ریڈی کو جوائنٹ کوآرڈینیٹر کی ذمہ داری دی گئی ہے۔بی جے پی نے اپنی مختلف مورچوں کی قیادت میں بھی تبدیلیاں کی ہیں۔ ڈاکٹر ہیمنتگ جوشی کو یوا مورچہ، روپ کماری چودھری کو مہلا مورچہ، امرپال موریہ کو او بی سی مورچہ اور بنسی لال گْرجر کو کسان مورچہ کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔شیوش کمار رام کو درج فہرست ذات (SC) مورچہ، ڈاکٹر منالال راوت کو درج فہرست قبائل (ST) مورچہ اور کنور باسط علی کو اقلیتی مورچہ کی صدارت سونپی گئی ہے۔پارٹی نے میڈیا اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن ٹیموں کی بھی ازسرنو تشکیل کی ہے۔ انیل بالونی کو میڈیا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ آشیش اوشا اگروال، پردیپ بھنڈاری اور سدھارتھ یادو میڈیا کوآرڈینیشن میں معاون ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے دیپک مہاسکے کو سوشل میڈیا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پریتی گاندھی اور شیوانند دویدی کو سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر کی ذمہ داری دی گئی ہے۔بی جے پی کے مطابق قومی صدر نتن نابن کی جانب سے منظور کی گئی تمام تقرریاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ تنظیمی ردوبدل کا مقصد سینئر رہنماؤں کو نئی ذمہ داریاں تفویض کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف ریاستوں اور اہم خطوں میں تنظیمی رابطے، عوامی رسائی اور پارٹی کے ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا ہے۔تازہ تنظیمی تبدیلیوں کے ذریعے کئی تجربہ کار سیاسی رہنماؤں کو اہم قومی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ پارٹی کے مطابق نئی تقرریوں سے قومی اور ریاستی سطح پر تنظیمی نیٹ ورک کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں رابطہ کاری و عوامی رسائی بڑھانے میں مدد ملے گی۔










