جموں و کشمیر میں شدید بارش کا امکان

جموں و کشمیر میں شدید بارش کا امکان

19 اگست تک لینڈ سلائڈنگ اور طغیانیوں کی پیش گوئی

سرینگر// محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر، لداخ سمیت مغربی ہمالیائی خطے میں آئندہ چند روز کے دوران شدید سے بہت شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق 17 اور 18 اگست کو جموں و کشمیر میں بعض مقامات پر بہت شدید بارش ہوسکتی ہے، جبکہ 19 اگست تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔آئی ایم ڈی کی جانب سے پیر کی صبح جاری آل انڈیا ویدر سمری اینڈ فورکاسٹ بلیٹن کے مطابق جموں و کشمیر، لداخ کے علاقوں میں 17 سے 19 اگست کے دوران الگ الگ مقامات پر بہت شدید بارش متوقع ہے۔ محکمہ نے مغربی ہمالیائی خطے میں مجموعی طور پر بارش کے وسیع سلسلے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 17 اگست کو ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر سمیت مغربی ہمالیائی علاقوں میں بہت شدید بارش کا امکان ہے۔ 18 اگست کو بھی جموں و کشمیر میں بعض مقامات پر شدید سے بہت شدید بارش ہوسکتی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے اور سڑکوں پر آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔آئی ایم ڈی نے 17 اگست کی صبح سے 18 اگست کی صبح تک 24 گھنٹوں کے لیے فلیش فلڈ رسک آؤٹ لک بھی جاری کیا ہے۔ اس میں جموں و کشمیر اور لداخ کے کچھ علاقوں کو کم سے درمیانے درجے کے اچانک سیلاب کے خطرے والے علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر میں ڈوڈہ، کٹھوعہ اور ادھم پور جبکہ لداخ میں لیہہ کے علاقے اس خطرے کے دائرے میں رکھے گئے ہیں۔محکمہ کے مطابق مسلسل یا شدید بارش کے نتیجے میں پہلے سے بھیگی ہوئی مٹی اور نشیبی علاقوں میں سطحی پانی کے بہاؤ یا عارضی سیلاب کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور سڑکوں پر پتھر آنے کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مغربی ہمالیائی خطے میں بارش کا سلسلہ صرف ایک دو روز تک محدود رہنے کا امکان نہیں بلکہ 17 سے 23 اگست کے دوران ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، لداخ اور اتراکھنڈ میں کئی مقامات پر وسیع پیمانے پر بارش ہوسکتی ہے۔ 19 سے 23 اگست کے دوران جموں و کشمیر اور لداخ میں بعض مقامات پر شدید سے بہت شدید بارش کا امکان برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔دریں اثنا، پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ اور دہلی میں بھی 17 اور 18 اگست کو بعض مقامات پر شدید بارش متوقع ہے، جبکہ 18 اگست کو ان علاقوں میں بارش کا دائرہ مزید وسیع ہونے کا امکان ہے۔آئی ایم ڈی کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال پر کئی موسمی نظام اثرانداز ہورہے ہیں۔ خلیج بنگال میں بننے والا کم دباؤ کا نظام مزید مضبوط ہوکر ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مغرب کی سمت جھارکھنڈ کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ جموں ڈویژن اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بالائی فضا میں گردابی گردش بھی موجود ہے، جو خطے کے موسم پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔محکمہ کے مطابق 16 اگست کی صبح سے 17 اگست کی صبح تک پنجاب اور اتراکھنڈ کے بیشتر مقامات پر جبکہ جموں و کشمیر اور لداخ کے کئی علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔موسمی صورتحال کے پیش نظر پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو احتیاط برتنے، موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے اور ندی نالوں یا دیگر آبی گزرگاہوں کے قریب غیر ضروری طور پر جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے لیے بھی ضروری ہوگا کہ ممکنہ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات پیشگی مکمل رکھیں۔