133نوری سال دور ستارے کے گرد رقص کرتے سیاروں کی ویڈیو جاری

اِلینوائے:سائنس دانوں نے مشتری جیسے چار ایگزو پلینٹس کی ایک نئی ویڈیو جاری کی ہے جو اپنے مرکزی ستارے کے گرد گردش کر رہے ہیں۔ سائنس دانوں نے ویڈیو بنانے کے لیے 12 سال سے زائد کا عرصے تک مشاہدے اکٹھے کیے ہیں۔نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے آسٹروفزسسٹ جیسن وینگ نے ایک بیان میں کہا کہ اس نئی ویڈیو کو جاری کرنے کا مقصد بڑے بڑے ایگزو پلینٹس (نظامِ شمسی سے باہر موجود سیارے) کے طویل مداروں کو وسیع پیمانے پر قابلِ فہم بنانا ہے۔
جیسن وینگ کا کہنا تھا کہ اس ویڈیو میں سیاروں کو انسان کے وقت کے مطابق حرکت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ حقیقت میں اس ستارے HR8799 کے قریب ترین سیارے کو ایک چکر مکمل کرنے میں 45سال کا عرصہ لگتا ہے جبکہ سب سے دور موجود سیارہ ایک چکر 500سال میں مکمل کرتا ہے۔HR8799ہمارے سورج کی نسبت 1.5گُنا بڑا ہے اور زمین سے اندازاً 133 نوری سال کے فاصلے پر پیگاسس جھرمٹ میں موجود ہے۔یہ ستارہ اگرچہ ہمارے سورج سے معمولی سا بڑا ہے لیکن اس سے اندازاً پانچ گُنا زیادہ روشن ہے۔ جبکہ 4.5ارب سال پُرانے سورج کے مقابلے میں اس ستارے کی عمر صرف 30کروڑ سال ہے۔HR8799وہ پہلا ستاروی نظام تھا جس کے سیاروں کو سائنس دانوں نے براہ راست عکس بند کیا گیا تھا۔ اور اس کا اعلان نومبر 2008میں کیا گیا تھا۔جیسن وینگ اور ان کے ساتھیوں نے سات سالوں کے مشاہدوں کی مدد سے ایک ٹائم لیپس ویڈیو بنائی۔ نئی جاری ہونے والی ویڈیو 12 سال کے مشاہدات پر مشتمل ایک اپ ڈیٹ ورژن ہے۔